0
Sunday 8 Jul 2018 19:55

نواز شریف اور مریم کا ’بغیر کسی مزاحمت‘ کے نیب کو گرفتاری دینے کا فیصلہ

نواز شریف اور مریم کا ’بغیر کسی مزاحمت‘ کے نیب کو گرفتاری دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ممکنہ طور پر جمعہ کو وطن واپسی کے موقع پر عوام سے ایک مرتبہ رابطے کی کوشش کے بعد ’’ بغیر کسی مزاحمت‘‘ کے نیب کو گرفتاری دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نواز شریف کی اس حکمت عملی کا مقصد عوام سے رابطہ کرکے براہ راست اپیل کرنا ہے کہ ’’ووٹ کو عزت دو، خدمت کو ووٹ دو‘‘۔ اگر ممکنہ طور پر نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتاری سے قبل ایک مرتبہ براہ راست عوام سے رابطہ کا موقع نہیں ملا سکا، تو وہ پاکستان روانگی سے قبل ویڈیو پیغام ریکارڈ کرائیں گے، جو ان دونوں کی گرفتاری کے بعد (ن) لیگ عوامی رابطہ مہم میں استعمال کرے گی۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے سے گرفتاری دینے کا  آپشن الیکشن کیلئے ’’آخری انتخابی کارڈ‘‘ ہے۔ نگراں وفاقی حکومت نے بھی نواز شریف اور مریم نواز کی ممکنہ واپسی پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول رکھنے کیلئے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کے علاوہ رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات بھی طلب کی جا سکتی ہیں۔

وفاق کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کو ممکنہ وطن واپسی کے موقع پر گرفتار کرنے والی نیب  ٹیم کو ہر مکمن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اہم وفاقی ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے اس آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے نیب ٹیم کو لینڈنگ کے بعد جہاز تک رسائی دی جائے، تاکہ جہاز کے اندر سے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو گرفتار کرکے بذریعہ ہیلی کاپٹر یا سخت سیکیورٹی انتظامات میں جیل منتقل کیا جا سکے۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز  ممکنہ طور پر وطن واپس آنے کے بعد ائیرپورٹ کی حدود سے باہر آئے اور ان کو نیب ٹیم نے گرفتار کرنے کی کوشش کی، تو (ن) لیگی کارکنان کے اجتماع سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ وفاق کی جانب سے اس آپشن پر بھی غور ہو سکتا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز جس طیارے سے وطن واپس آئیں گے، ممکنہ طور اس کا رخ ملک کے کسی اور ایئرپورٹ کی طرف کر دیا اور وہاں سے ان دونوں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا جائے۔

وفاق کی مکمل کوشش ہوگی کہ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی اور گرفتاری کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز بغیر کسی مزاحمت کے نیب کو گرفتاری دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں، ان دونوں کی وطن واپسی پر (ن) لیگ کے عوامی اجتماع کا مقصد صرف اپنے قائد اور ان کی صاحبزادی استقبال ہے، یہ اجتماع پُرامن ہوگا۔ لیگی ذرائع کے مطابق شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ نواز شریف اور مریم نواز کی واپسی کا عمل پُرامن طے ہو سکے۔ نواز شریف کی بھرپور کوشش ہوگی کہ وہ وطن واپسی سے قبل ایک مرتبہ عوام سے براہ راست مخاطب ہوں اور اس کیلئے وہ تمام سیاسی آپشنز استعمال کریں گے۔ حکومت اپنے آپشنز میں تبدیلی بھی کر سکتی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز نے اپنی سزا کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے پر مشاورت شروع کر دی ہے۔ قانون ماہرین کے مشورے کے بعد اپیل دائر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 736549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش