0
Tuesday 31 Jul 2018 22:48

پی ٹی آئی بلوچستان کی وزارت اعلٰی کیلئے جام کمال کی مکمل حمایت کریگی، جہانگیر ترین

پی ٹی آئی بلوچستان کی وزارت اعلٰی کیلئے جام کمال کی مکمل حمایت کریگی، جہانگیر ترین
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاق میں پی ٹی آئی کے ساتھ بھرپور انداز میں چلنے اور بلوچستان عوامی پارٹی کیجانب سے غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا گیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کا وفد جام کمال کی سربراہی میں بنی گالا پہنچا۔ دونوں جماعتوں نے مرکز اور بلوچستان میں ایک دوسرے سے تعاون کا اعلان کیا۔ عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جام کمال کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی تحریکِ انصاف کے ساتھ تعاون کیا تھا، اب بھی وفاق میں ہمارے چاروں رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔ ہم بنی گالا سے اچھا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی سپورٹ اور ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گی۔ ان کی جماعت کو بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے 19 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ چار آزاد ارکان نے بھی حکومت سازی کیلئے رابطہ کیا ہے۔

جام کمال کی سربراہی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد میں عبدالقدوس بزنجو، سعید احمد ہاشمی، زبیدہ جلال، خالد مگسی، احسان اللہ ریگی، سینیٹر انوارالحق کاکڑ اور اسرار ترین شامل تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم وزیراعلٰی بلوچستان کیلئے جام کمال خان کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم جام کمال صاحب کے ہر فیصلے کی حمایت کرینگے۔ ہم نےایک دوسرے کےساتھ ملکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان میں عام انتخابات کے دوران ٹرن آؤٹ مثالی تھا۔
خبر کا کوڈ : 741567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش