0
Wednesday 15 Aug 2018 10:50

دھاندلی سے بنی حکومت کی بیرونی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوگی، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

دھاندلی سے بنی حکومت کی بیرونی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوگی، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجہ میں بننے والی حکومت اور اسمبلیوں کی غیر ملکی سطح پر کوئی عزت نہیں ہوگی۔ عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کرتے ہوئے ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ تمام جماعتوں کو چاہیئے کہ وہ اس کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھاتے ہوئے دھاندلی زدہ انتخابات کو مسترد کریں اور نئے سرے سے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ممکنہ جدوجہد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کے دوران کیا۔ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی ہے۔ ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں 90 فیصد فارم نمبر 45 نہیں دیئے گئے۔ میرے حلقے کے 3 میں سے 2 ضلعوں کے پولنگ اسٹیشن سے انتخابات کا وقت ختم ہونے کے بعد ہمارے ایجنٹس کو نکال دیا گیا اور 3 روز بعد اس حلقے کے رزلٹ آئے، حالانکہ تیز رفتار سسٹم کے باعث یہ کام بہت آسان تھا، عین وقت پر وہ بھی خراب ہوا اور 2013ء کے انتخابات کی طرح پرانے طرز پر نتائج موصول ہوئے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہماری جماعت میں کسی قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہیں اور ہم دیگر جماعتوں کی طرح بھڑکنے کی بجائے جمہوری انداز میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، کیونکہ ہم دھرنوں کو ان کا حل نہیں سمجھتے ہیں۔ ملک کی عوام اس وقت چاہتی ہے کہ تمام جماعتیں متفق ہوکر مضبوط اپوزیشن بنائیں، تاکہ ملک میں کی گئی ناانصافیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 744706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش