0
Monday 20 Aug 2018 19:26

عید کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی، حامد رضا

عید کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی، حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مولانا محمد اکبر نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے علماء کے 20 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی، مسلم حکمران متحد ہو کر گستاخانہ خاکوں کے مقابلے رکوانے کیلئے ہالینڈ پر مشترکہ دباؤ ڈالیں، نو منتخب وزیراعظم کا قوم سے خطاب مثبت اور تعمیری تھا، عمران خان کی بطور وزیراعظم پہلی تقریر قوم کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کا دس سالہ راج ختم ہونے پر اہل پنجاب خوشی سے جھوم اٹھے ہیں، بدترین جمہوریت سے بہترین جمہوریت کی طرف سفر شروع ہو گیا ہے، اپوزیشن قوم سے مخلص ہے تو منفی سیاست چھوڑ کر پاکستان کی تعمیر نو کیلئے نئی حکومت کا ساتھ دے، قوم کو سیاسی تلخیوں کے ماحول سے باہر نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے، عمران خان وسیع تر اصلاحات کیلئے اپوزیشن کو تعاون کرنے کی دعوت دے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم کو نئے وزیراعظم عمران خان کے وعدوں پر اعتماد ہے ۔ پاکستان تب بدلے گا جب حکومتی پالیسیاں اشرافیہ کے لئے نہیں نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے بنیں گی، عمران خان اپنی پہلی تقریر کے 10 فیصد حصے پر بھی عمل کر گیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی اور ن لیگ قصہ پارینہ بن جائے گی، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے دلیرانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ عمران خان کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، نئے وزیراعظم کیلئے اپنے بلند بانگ دعووں پر پورا اترنا ہی سب سے بڑا چیلنج ہے، ہم پاکستان کی تعمیر نو کیلئے نئی حکومت کا ساتھ دیں گے، عمران خان کے پہلے خطاب سے ولولہ تازہ ملا ہے، ن لیگ انتشار و فساد کی سیاست کے ذریعے نئی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو ناکام بنانا چاہتی ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت محاذ آرائی کی سیاست میں الجھے بغیر ملک کی تعمیر نو کے مشن پر ڈٹی رہے۔
خبر کا کوڈ : 745632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش