0
Friday 31 Aug 2018 10:19

عالم اسلام کو متحد ہوکر ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل دینا چاہیئے، مولانا عبدالحق ہاشمی

عالم اسلام کو متحد ہوکر ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل دینا چاہیئے، مولانا عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو متحد ہوکر ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کو روکنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل دینا چاہیئے۔ او آئی سی کا اجلاس بلا کر اس بارے میں فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت باتوں اور مطالبات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔ نیدر لینڈ اور ہالینڈ سے اپنے سفیروں کو واپس بلائے اور ان کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے۔ کفار نبی پاک (ص) کی شان میں گستاخی کرکے دہشت گردی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ مسلم ممالک کی بے اتفاقی، بے حسی وغفلت کی وجہ سے دہشت گرد ممالک توہین رسالت کر رہے ہیں۔ ہم سب کو ملکر اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگا۔ حکومت توہین رسالت کرنے والے ممالک کے ساتھ اس وقت تک سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع رکھے، جب تک وہ اپنے شہریوں کو اس قبیح حرکت سے روک نہیں دیتے۔ خاتم النبیین حضرت محمد (ص) کی ناموس کے تحفظ کے لئے پوری امت کو اٹھ کر لڑنا چاہیئے۔

خاص طور پر عالم اسلام کے حکمرانوں کو توہین آمیز خاکوں کو روکنے کے لئے آخری حد تک جانا چاہیئے اور ممالک کو واضح پیغام دیا جائے جو خاتم النبیین (ص) کے خاکے بنانے کے مقابلے منعقد کروا رہے ہیں۔ کوئی غیرت مند مسلمان نبی پاک (ص) کی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں کریگی۔ توہین رسالت کرنے والوں کے خلاف ہر محاذ پر ڈٹ کر جدوجہد کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے پہلے بھی اس قسم کی گستاخی کے خلاف جدوجہد کیا ہے۔ آئندہ بھی ہم اس میدان میں عوام کیساتھ ملکر کفر کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ ملک بھر کی دینی جماعتوں میں ختم نبوت کے قانون کے حوالے سے ایک تشویش پائی جاتی ہے، جس کی اصل وجہ قادیانیوں کو مسلمانوں کی ووٹر لسٹوں میں شامل کرنے کے اقدامات ہیں۔ قادیانیوں کی سازشوں پر سب کو نظر رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 48-A1 پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والے کسی غیر مسلم کو مسلمانوں کی فہرستوں میں شامل نہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 747185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش