0
Friday 31 Aug 2018 10:57

پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار دستبردار کرا لیا تو پاکستان کی سیاست میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے، غلام احمد بلور

پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار دستبردار کرا لیا تو پاکستان کی سیاست میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے، غلام احمد بلور
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ وہ حالیہ الیکشن ہارے نہیں ہیں بلکہ ان کو ہروایا گیا ہے، ہمیں نہ تو مہم چلانے دی گئی نہ ہی ہمارے ووٹروں کو ووٹ ڈالنے دیا گیا۔ ضمنی الیکشن میں سارا حساب کتاب برابر کر دیں گے۔ اپوزیشن کی تقسیم سے حکومت کو فائد ہوگا۔ پشاور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے این پی رہنما نے کہا کہ گنتی کے وقت ہمارے تمام پولنگ ایجنٹوں کو نکال باہر کیا گیا، پہلے ہمیں کہا گیا کہ مہم نہ چلائیں، گھروں سے باہر نہ نکلیں، آپکی جانوں کو خطرہ ہے اور جب ہم نے مہم چلانے کی کوشش کی تو ہمارے بچوں کو شہید کیا گیا۔ ہارون بلور صرف ہمارا بچہ نہیں تھا وہ پوری قوم کا بیٹا تھا، میں ہر رات اٹھ کر ان لوگوں کو بددعائیں دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے بچوں کو شہید کیا۔ غلام احمد بلور نے مزید کہا کہ ہارون بلور کے ساتھ تین چار پولیس اہلکار ہوا کرتے تھے، مگر چیف جسٹس کے حکم پر ان سے سکیورٹی واپس لے لی گئی تھی، اب میں انصاف کیلئے کہاں جاؤں؟ اور کس کا دروازہ کھٹکھٹاؤں؟

انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے انتشار کا فائدہ حکومتی امیدوار کو ہی ملے گا، کچھ لوگوں کی اپنی مجبوریاں ہوں گی، مگر میری خواہش ہے کہ اپوزیشن تقسیم نہ ہو اور متحد رہے۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار دستبردار کرا لیا تو پاکستان کی سیاست میں بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں، 25 جولائی کو تمام تر زیادتی کے باوجود ہم نے صبر کا دامن تھامے رکھا، مگر اب ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اب کوئی زیادتی کی گئی تو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ہم اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے ہیں کہ ہمارے کارکنان اس زیادتی پرخاموش رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد عمران خان کو پتہ چل گیا ہے کہ کہنے اور کرنے میں کتنا فرق ہوتا ہے، ہمیں انتظار ہے کہ وہ 50 لاکھ مکانات اور 1 کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کیلئے کب عملی اقدامات کرتے ہیں، اب تک انکی بڑی کاکردگی پاک پتن کے ڈی پی او کے تبادلے کی صورت میں سامنے آچکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 747187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش