0
Monday 1 Oct 2018 11:25

بلوچستان کی ساحلی پٹی کو نیا ڈویژن بنانیکا منصوبہ سازش ہے، حاجی لشکری رئیسانی

بلوچستان کی ساحلی پٹی کو نیا ڈویژن بنانیکا منصوبہ سازش ہے، حاجی لشکری رئیسانی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی کو نیا انتظامی ڈویژن بنانے کا منصوبہ قومی مفاد کے منافی ہے۔ فیصلے مسلط کرنے کی روش ترک نہ کی گئی تو بلوچستانی عوام اور وفاق کے درمیان شکوک وشبہات میں اضافہ ہوگا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اور عوام شر انگیز منصوبے کو اپنے قومی مفاد کے منافی سمجھتی ہے۔ صوبائی حکومت عوامی مفادات کے منافی فیصلوں کے آگے مذاحمت کریں۔ سراوان ہاؤس کوئٹہ میں کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں نوابزادہ لشکری رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی کو ایک نیا انتظامی ڈویژن بنانے کا منصوبہ بڑے خطرے کا پیش خیمہ ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اور صوبے کی عوام ایسے شرانگیز منصوبے کو اپنے قومی مفاد کے منافی سمجھتے ہیں، جو ناقابل قبول ہے۔ عوامی خواہشات اور امنگوں کو نظر انداز کرکے کیا جانے والا فیصلہ نفرت کو فروغ دینے کی سازش ہے۔ بلوچستان کے عوام سے ہونے والی زیادتی پر نئی صوبائی حکومت بھی بری الزمہ نہیں ہوسکتی۔ اقتدار آنی جانی والی چیز ہے۔

بلوچستان اسمبلی اراکین ساحلی پٹی کو لاحق خطرات ومضمرات پر اسمبلی میں بحث کرتے ہوئے عوامی مفادات کے منافی فیصلوں کی کھل کر مخالفت کرکے وفاق کے آگے مزاحمت کریں۔ اجتماعی مفادات کو نقصانات سے دوچار کرنے والوں اور اُن کے ہمنواؤں کو تاریخ کسی صورت معاف نہیں کریگی۔ ماضی میں بھی فیصلے مسلط کرنے کی پالیسی سے ملکی یکجہتی کو نقصانات لاحق ہوئے۔ یہی روش ترک نہ کی گئی تو اس سے بلوچستانی عوام اور وفاق کے درمیان موجود شکوک وشبہات میں اضافہ ہوگا، جو ملکی مفاد میں نہیں۔ حکمرانوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیئے کہ ہمارا خطہ عالمی سامراجی قوتوں کے مفادات کی جنگ کا اکھاڑہ بنتا جا رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں بلوچستان کی ساحلی پٹی کے حوالے سے منصوبہ بندی سے ان خدشات کو تقویت ملتی ہے کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی کو جناح پور منصوبے کا حصہ بنانے کی سازش بروئے کار لائی جارہی ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اور عوام سازشی تھیوریوں کے ذریعے استحصالی منصوبوں کے خلاف مذاحمت کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 753203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش