0
Wednesday 10 Oct 2018 18:33

نئے صوبے کیلئے عملی اقدامات زیرو، وسیب سے پھر دھوکہ ہوا ہے، سرائیکی رہنما

نئے صوبے کیلئے عملی اقدامات زیرو، وسیب سے پھر دھوکہ ہوا ہے، سرائیکی رہنما
اسلام ٹائمز۔ ملتان میں سرگرم لینڈ مافیا اور جعل سازوں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے، انسپکٹر پولیس فہیم بم، لینڈ مافیا کے تمام گروپوں، ان کے ساتھیوں کو گرفتار کر کے اور متاثرین کی جائیدادوں کو قبضہ گروپوں سے آزاد کرا کے متاثرین کے حوالے کیا جائے۔ کیمپ میں مزید دو روزہ اضافہ کرتے ہیں، آج اور جمعرات کو بھی بھوک ہڑتال کیمپ لگائیں گے، ان خیالات کا اظہار سرائیکستان صوبہ محاذ کے زیراہتمام ملتان میں لینڈ مافیا کی بڑھتی ہوئی کاروائیوں اور جعلی دستاویزات تیار کرکے قبضہ گروپوں کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ تیسرے روز نواں شہر چوک ملتان میں لگائے گئے کیمپ میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرائیکی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف دی ہے مایوسیوں کے سائے بڑھتے جارہے ہیں، پاکستانی معیشت ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکی ہے آج حالت یہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی سے 238 ارب روپے ڈوب گئے، آئی ایم ایف سے قرضہ نہ لینے کی بات کرنے والے اس کے آگے کشکول لیے کھڑے ہیں۔ سرائیکی رہنماؤں عامر کوریجہ اور ظہور دھریجہ نے کہا کہ 100 دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا گیا 60 دن گزر گئے ابھی تک صوبے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، ایسے لگتا ہے کہ وسیب سے دھوکا کیا گیا ہے لیکن ہم دھوکا کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ ہم 100دن کا انتظار کر رہے ہیں جونہی 100دن پورے ہوئے سڑکوں پر ہوں گے احتجاج کریں گے دھرنے دیں گے اور لانگ مارچ کریں گے، 100دن کے بعد سرائیکستان صوبہ محاذ آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دے گا، ہم صوبے کے قیام کے لیے تمام جماعتوں اور ارکان اسمبلی سے ملیں گے اور ضرورت پڑنے پر سرائیکی وسیب کے مقبوضہ اضلاع ٹانک وڈی آئی خان سمیت صوبائی سول نافرمانی کی تحریک بھی شروع کر سکتے ہیں۔ سرائیکی رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تخت لاہور کا قیدی بنا دیا گیا ہے، اسے اتنی اجازت بھی نہیں ہے کہ وہ اپنے گھر تونسہ آسکے وہ بے اختیار وزیراعلی ہے، وہ اپنی تحصیل تونسہ کو ضلع بھی قرار نہیں دے سکتا تو یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ سرائیکی صوبہ بنوا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نام پر ہم بہت دھوکا کھا چکے ہیں، پیپلزپارٹی اور نون لیگ نے بھی دھوکا اور فراڈ کیا، لوگ ان دونوں جماعتوں کے ڈسے ہوئے تھے اس لیے صوبے کے نام پر تحریک انصاف کو ووٹ دیے ہمارا مطالبہ ہے کہ اپنے تحریری وعدے کے مطابق عمران خان 100 دن کے اندر صوبہ بنائیں ورنہ ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے اور سڑکوں پر دما دم مست قلندر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وردی میں اگر قبضہ گروپ اور جرائم پیشہ لوگ پیدا ہو رہے ہیں تو عوام کا اللہ حافظ، سپریم کورٹ اھلیان ملتان کو قبضہ گروپ سے نجات دلائے، انسپکٹر فہیم بم کے خلاف اس لیے کاروائی نہیں ہو رہی کہ وہ تو پولیس وردی میں ہے، اس کا ناجائز فائدہ اٹھا کر جرائم کر رہا ہے، اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو عوام کا پولیس سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

 
خبر کا کوڈ : 755119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش