0
Wednesday 17 Oct 2018 21:51

خیبر ٹیچنک ہسپتال کے فنڈز سے کروڑوں روپے ملازمہ کے اکاؤنٹ میں منتقلی کا انکشاف

خیبر ٹیچنک ہسپتال کے فنڈز سے کروڑوں روپے ملازمہ کے اکاؤنٹ میں منتقلی کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے فنڈز سے خاتون ملازمہ کے اکاونٹ میں کروڑوں کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ خاتون نے رقم منتقلی کو غلطی قرار دیدیا جبکہ اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکینڈل میں دیگر اعلٰی عہدیداران بھی ملوث ہیں جنہوں نے خاتون کا اکاؤنٹ استعمال کیا۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کا آڈٹ جاری ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ دنوں جب اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی جانب سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا آڈٹ کیا جا رہا تھا تو انکشاف ہوا کہ ہسپتال کے فنڈز سے ایک خاتون کمپیوٹر آپریٹر شبانہ کوثر کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے منتقل کئے گئے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شبانہ کوثر اکاؤنٹس سیکشن میں کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ معاملہ سامنے آںے کے بعد خاتون کے اکاؤنٹ سے 1 کروڑ 60 لاکھ ریکور کئے گئے ہیں، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی اکاؤنٹ کے علاوہ دوسرے اکاؤنٹس میں بھی رقم منتقل کی گئی ہوگی۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر فنانس گلزار خان نے خاتون کے اکاؤنٹ سے رقم کی ریکوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور خاتون ملازمہ کو معطل کر دیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے درخواست کی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ کرپشن نہیں کی، یہ رقم غلطی سے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ دوسری جانب ہسپتال کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو بطور "مہرہ" چھوٹا موٹا لالچ دیکر استعمال کیا گیا ہے۔ اس اسکینڈل میں ہسپتال کے فنانس اور اکاؤنٹس سیکشن کے اعلٰی عہدیدار ملوث ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ خیبر ٹیچنک ہسپتال کے اندر کرپشن کی ایک نئی تکنیک استعمال کی جا رہی ہے۔ اعلٰی عہدیدار منافع کمانے کیلئے ہسپتال کے فنڈز سے بھاری رقم ذاتی سیونگ اکاؤنٹس میں منتقل کرتے ہیں اور اس پر بھاری منافع حاصل کرتے ہیں اور جب آڈٹ کا وقت آتا ہے تو رقم واپس ہسپتال کے فنڈز میں منتقل کی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 756443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش