0
Monday 22 Oct 2018 22:32

فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی مل کر پارٹی کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کریں، کامران ٹیسوری

فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی مل کر پارٹی کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کریں، کامران ٹیسوری
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی مل کر پارٹی کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش ،ہم بھی پارٹی کو تقسیم سے بچانے کے لئے ورکرز ایکشن کمیٹی ختم کرکے پارٹی کی تقسیم کا تاثر ختم کرنے کی کوشش کرنے کا اعلان کرتے ہیں، اگر یہی حالات رہے تو ایم کیو ایم اپنا میئر کھو دے گی اور اسے بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر بہادرآباد کی قیادت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہم پارٹی کارکنوں کے ہمراہ بہادرآباد کے دفتر کے باہر دھرنا دینے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہھوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں نے گذشتہ روز ضمنی الیکشن میں متحدہ کے امیدواروں کو ووٹ دیا تھا، میں ایم کیو ایم میں اس وقت شامل ہوا تھا جب ایم کیو ایم اپنی تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزر رہی تھی، آج بھی صورتحال ایسی ہے کہ ایم کیو ایم اپنے گھر سے ہار رہی ہے، اگر یہ حالات جاری رہے تو ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے گی اور اپنا میئر بھی کھودے گی، میں ڈاکٹر فاروق ستار بھائی سے کہوں گا کہ وہ ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کرکے انہیں قائل کرنے کی کوشش کریں، فاروق ستار سمیت ہم سب کو ایم کیو ایم کو چھوڑنے کے بجائے پارٹی کو تقسیم ہونے سے بچانا ہے، پارٹی کی تقسیم کے تاثر کو ختم کرنے کے لئے ہی ہم ورکرز ایکشن کمیٹی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں، ہمیں کارکنان کی حیثیت سے کارکنوں کے وقار کو بحال کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنا اتنا آسان نہیں ہے، یہ ایک تحریک اور نظریہ کا نام ہے۔ کامران ٹیسوری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں ڈاکٹر فاروق ستار کو اپنے لئے سنیٹر شپ مانگنے اور ورکرز اجلاس بلانے سے منع کیا تھا، ہمیں اس وقت ایک دوسرے سے مفاہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہونا ہوگا، وہ کسے اپنا کنوینئر اور رہنما مانتے ہیں اور کس رہنما کو پارٹی میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو بچانے کے لئے ہی ہم نے اپنے تمام مطالبات سے دستبردار ہونے اور ورکرز ایکشن کمیٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کارکنوں اور ووٹرز کا دل ہماری وجہ سے دکھا ہے ان سے معافی مانگتے ہیں، ہم چاہتے ہیں ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی عوامی مسائل پر آواز اٹھائیں اور مہنگائی کے خلاف دھرنا دیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر دونوں رہنماؤں نے ہماری درخواست پر توجہ نہیں دی تو ہم کارکنان کے ساتھ بہادرآباد آفس پر دھرنا دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 757351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش