0
Friday 21 Dec 2018 17:53

اگلے سال گلگت بلتستان میں 80 لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ

اگلے سال گلگت بلتستان میں 80 لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات گلگت بلتستان نے سال 2019ء میں 80 لاکھ پودے لگانے کا تہیہ کر لیا ہے جبکہ اگلے پانچ سالوں میں ایک کروڑ سے زائد پودے لگانے کی حکمت عملی پر کام شروع کیا ہے۔ فاریسٹ کمپلیکس جوٹیال میں صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات عمران وکیل کی قیادت میں گلگت بلتستان میں سال 2019ء میں شجر کاری مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات آصف اللہ خان، پاک فوج، پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، محکمہ تحفظ ماحولیات، اے کے آر ایس پی، ایفاد کے نمائندوں سمیت تمام اضلاع کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سال 2018ء میں گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 30 لاکھ درخت لگائے ہیں اور ان کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ 2018ء میں شجر کاری مہم میں علماء، صحافی اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعاون کیا ہے۔

محکمہ جنگلات کی کوشش ہے کہ اگلے پانچ سالوں کے دوران گلگت بلتستان میں ایک کروڑ  درخت لگائے جائیں، جس کے لئے وفاقی حکومت بھی ہمارے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر جنگلات عمران وکیل نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جنگلات و جنگلی حیات کی تعداد کو بڑھانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ درخت اگانے کے سالانہ اہداف کو بڑھایا جا رہا ہے اور پودوں کی حفاظت و نگرانی کے لئے بہتر انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے لائن ڈیپارٹمنٹس کے کردار کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانے اور ان کی حفاظت کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ درخت اگانے کے لئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، تاکہ صاف و شفاف ماحول کے لئے ساتھ قدرتی آفات کے دوران جانی و مالی نقصانات سے بچنے میں بھی مدد مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 767920
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش