0
Wednesday 23 Jan 2019 18:18

مقبوضہ کشمیر، فوٹو جرنلسٹوں پر قابض فورسز کا حملہ

مقبوضہ کشمیر، فوٹو جرنلسٹوں پر قابض فورسز کا حملہ
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیان میں مسلح جھڑپ کے دوران قابض فورسز نے تشدد پر آمادہ مظاہرین پر پیلٹ چلائے، جس دوران انہوں نے پیلٹ کا رخ اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے والے چار فوٹو جرنلسٹوں کی طرف کیا اور انہیں بھی براہ راست نشانہ بنا کر شدید زحمی کیا۔ پیلٹ فائرنگ کی زد میں آکر بھارتی انگریزی روزنامہ ہندوستان ٹائمز سے وابستہ فوٹو جرنلسٹ وسیم اندرابی، مقامی انگریزی روزنامہ رائزنگ کشمیر سے وابستہ فوٹو جرنلسٹ نثارالحق، کشمیر ایسنس کا نامہ نگار جنید گلزار اور اے این این سے وابستہ نامہ نگار میر برہان زخمی ہوگئے۔ میڈیا سے وابستہ چاروں افراد کو زخمی حالت میں ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے وسیم اندرابی کو سرینگر منتقل کیا گیا کیونکہ اُس کے چہرے پر پیلٹ لگے ہیں۔

پیشہ وارانہ سرگرمیوں کو نبھانے کے دوران صحافیوں کو نشانہ بنانے پر بین الاقوامی میڈیا تنظیم سمیت مقامی میڈیا و تجارتی انجمنوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کو جمہوریت کے چوتھے ستون کو مسمار کرنے سے تعبیر کیا ہے۔ کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں پر پیلٹ گن کا استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس کارروائی میں چار فوٹو گرافر زخمی ہوگئے جنہیں علاج معالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا۔

ایک بیان میں گلڈ نے کہا کہ صحافیوں کی ایک ٹیم سرینگر شوپیان شاہراہ پر شیرمال کے قریب احتجاجی کارروائیوں کی رپورٹنگ کررہے تھے تو پولیس نے انہیں وہاں سے چلے جانے کے لئے کہا، چنانچہ جب وہ وہاں سے جانے لگے تو پولیس نے پیلٹ گن سے فائر کئے جن سے چار صحافی زخمی ہوگئے جن میں وسیم اندرابی، جنید گلزار، میر برہان اور نثارالحق شامل ہیں۔ واضح رہے کہ یہ صحافی شوپیان میں ایک جھڑپ جس کے دوران تین جنگجو مارے گئے تھے، کے بعد کی صورتحال کی رپورٹنگ کرنے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 773698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش