0
Wednesday 23 Jan 2019 22:57

تاجروں کے کمشنر ملتان سے مذاکرات ناکام، احتجاج اور ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

تاجروں کے کمشنر ملتان سے مذاکرات ناکام، احتجاج اور ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان انجمن تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلمان صدیقی نے کہا ہے کہ زکریا سنٹر حسین آگاہی روڈ کو ڈی سِیل کرنے کے حوالے سے کمشنر ملتان سمیت ضلعی انتظامیہ سے مذکرات کسی منطقی انجام کو نہیں پہنچے، لہذا جب تک زکریا سنٹر کو ڈی سِیل نہیں کیا جاتا، اس وقت تک تاجروں کا احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں کمشنر ملتان سے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تاجر وفد کی قیادت خواجہ سلمان صدیقی نے کی جبکہ وفد میں جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ضلعی صدر سید جعفر شاہ، سٹی چیئرمین خالد محمود قریشی، سٹی صدر عارف فصیح اللہ اور مرزا نعیم بیگ سمیت انجمن تاجران حسین آگاہی سرکلر روڈ کے صدر حاکم علی قریشی شامل تھے، جبکہ کمشنر ملتان سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران مذاکرات میں شریک تھے۔ تقریبا 1گھنٹے تک جاری رہنے والے مذکرات میں کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا، ان مذاکرات کو تحریری انداز میں جاری رکھنے کا مزید عندیہ دیا گیا۔

مذاکرات کے اختتام پر خواجہ سلمان صدیقی نے مزید کہا کہ زکریا سنٹر کے تاجر نہ تو ڈیفالٹر ہیں اور نہ ہی قبضہ مافیا ہیں، بلکہ عزت کے ساتھ روزگار کما رہے ہیں، ان کو زبردستی بے دخل کرکے سینکڑوں خاندانوں کا روزگار بند کیا جا رہا ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ سنٹر کے تاجر کرایہ داری کو ریگولرائز جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں، مگر ضلعی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی ہرگز قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ لوگوں کے چلتے ہوئے روزگار کو بند کرانے کی سازش کا تدارک کریں، کیونکہ موجودہ حکومت کا یہ نعرہ ہے کہ لوگوں کو روزگار دینا ہے، مگر ملتان میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے اور لوگوں کو بے روزگار کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ اگر ایسی سازش کو نہ روکا گیا تو پھر سینکڑوں خاندانوں کی خواتین، بچے اور بزرگ کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 773850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش