0
Sunday 27 Jan 2019 20:12

سانحہ ساہیوال، سی ٹی ڈی کے 6 اہلکاروں کو جیل بھیج دیا گیا

سانحہ ساہیوال، سی ٹی ڈی کے 6 اہلکاروں کو جیل بھیج دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سانحہ ساہیوال میں ملوث 6 سی ٹی ڈی اہلکاروں کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ اہلکاروں کو 7 روز بعد آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا جبکہ جے آئی ٹی نے واقعے کے تمام عینی شاہدین کو کل صبح بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا ہے۔ سانحہ ساہیوال میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو چھٹی کے باوجود عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ادھر جے آئی ٹی نے تمام عینی شاہدین کو اپنے بیان ریکارڈ کرانے کیلئے کل صبح 11 بجے تھانہ یوسف والا ساہیوال پہنچنے کا کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے عینی شاہدین کو ٹھوس ثبوت، چشم دید شہادت اور ویڈیو کلپس لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ مقدمہ 33/19 اور2/16 کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹی ارکان ریکارڈ کیساتھ موجود ہوں گے۔ جے آئی ٹی کی جانب سے اس حوالے سے اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کرائے گئے ہیں اور مساجد میں اعلانات بھی کرائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 19 جنوری کی سہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی 13 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوگئے تھے جبکہ 3 مبینہ دہشتگردوں کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔ واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیئے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا گیا، تاہم بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانیوالوں میں سے ایک کو دہشتگرد قرار دیدیا گیا۔ میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا، دوسری جانب واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی، جس کی رپورٹ میں مقتول خلیل اور اس کے خاندان کو بیگناہ قرار دے کر سی ٹی ڈی اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 774610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش