0
Thursday 21 Feb 2019 17:38

بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلاب سے تباہی

بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلاب سے تباہی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، متعدد افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق موسلادھار بارشوں اور اس کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ بعض علاقوں میں سیلابی پانی گھروں تک میں داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے لوگوں نے فوری نقل مکانی کر کے اپنی جان بچائی ہے، موصول اطلاعات کے مطابق متعدد افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ بھی ہو چکے ہیں۔ بارشوں کے بعد سب سے زیادہ نقصان ضلع لسبیلہ میں سامنے آیا ہے، جہاں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل کے مطابق 20 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ بیس سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے 500 افراد پھنس گئے ہیں، لسبیلہ میں سیلابی صورتحال کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جب کہ پاکستان نیوی اور ایدھی کی ریسکیو ٹیمیں علاقےمیں پہنچ گئیں ہیں۔ تربت میں برساتی نالے پر قائم پل گرنے کی وجہ سے گوادر اور تربت کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب بسول ندی پل کو نقصان پہنچنے سے گوادر سے کراچی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، اسی طرح کوئٹہ سے کراچی جانے والی شاہراہ گھنٹوں بند ہونے کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں بارشوں کی تباہی کے بعد پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے اپنا تین روزہ دورہ لسبیلہ ملتوی کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو بلوچستان بھر میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق پاک فوج کے چار ہیلی کاپٹر بھی آج صبح سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، اسی طرح لسبیلہ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کے ریسکیو کے لئے پاک نیوی اور ایدھی بحری خدمات کی ٹیمیں بھی روانہ ہو گئیں ہیں۔ دوسری طرف بلوچستان کے ضلع چمن میں کوژک ٹاپ شاہراہ پر شدید برفباری سے چمن کوئٹہ شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے چمن کا ملک بھر سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چمن شفقت انور شاہوانی کے مطابق کوژک ٹاپ شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جس کے بعد کوژک ٹاپ شاہراہ پر جلد ٹریفک بحال کردی جائیگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شدید بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلع بھر میں الرٹ پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 779279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش