0
Thursday 21 Feb 2019 21:08

حج سبسڈی کے خاتمے کا فیصلہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج

حج سبسڈی کے خاتمے کا فیصلہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج
اسلام ٹائمز۔ حج سبسڈی کے خاتمے اور حج اخراجات میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ پشاور کی عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے نورعالم خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر حاجی شمشیر کی پٹیشن کی سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2019ء کا اعلان کیا ہے جس میں شہریوں کو حج کیلئے مزید سہولیات کی فراہمی کے بجائے ان سے سبسڈی واپس لے لی گئی ہے، جس کے باعث حج اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ کہنا غلط ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت برقرار ہے، لیکن اس کے باجود حکومت نے پاکستانی کرنسی کی قیمت کم کی اور حج سبسڈی واپس لی ہے جو کئی برس سے چلی آرہی تھی۔ لہٰذا حج پالیسی 2019ء کو کالعدم قرار دیا جائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے رٹ کی حتمی سماعت تک حج پالیسی معطل کی جائے اور سبسڈی بحال کی جائے۔ عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے ابتدائی دلائل کے بعد وزارت حج و مذہبی امور وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم مارچ تک جواب مانگ لیا۔
خبر کا کوڈ : 779311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش