0
Wednesday 27 Feb 2019 19:22

پاکستان کی جوابی للکار اور یلغار نے بھارت کو لرزا دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

پاکستان کی جوابی للکار اور یلغار نے بھارت کو لرزا دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، عمران خان کا مدلل اور متوازن خطاب قومی احساسات کا ترجمان ہے، پاکستان کے وزیراعظم نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے کر امن پسندی کا ثبوت دیا ہے، بھارت کی عقل ٹھکانے لگانے کیلئے پوری قوم یک جان اور یک زبان ہے، پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر فوج کو سلام پیش کرتی ہے، دفاع وطن کیلئے ملک بھر کے علماء، مشائخ، دینی مدارس کے طلباء اور اساتذہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں، غزوہ ہند کا وقت قریب ہے، مودی آگ سے کھیلنا بند کرے، مودی سرکار کے پاگل پن نے خطے کے ڈیڑھ ارب انسانوں کی زندگی داؤ پر لگا دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں تنظیمات اہلسنت کے ہنگامی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جے یو پی، جماعت اہل سنت، نیشنل مشائخ کونسل، سنی تحریک، انجمن طلباء اسلام، تحفظ ناموس رسالت محاذ، جانثاران ختم نبوت اور دوسری اہل سنت جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارتی در اندازی پر پاکستان کی جوابی للکار اور یلغار نے بھارت کو لرزا دیا ہے۔ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ہو گی۔ مودی اپنی سیاست کی خاطر خطے کو آگ میں جھونکنے پر تلا ہوا ہے۔ پاکستانی قوم بھارت کی فلموں، ڈراموں، مصنوعات اور ثقافت کا بائیکاٹ کر کے حب الوطنی کا ثبوت دے۔ بھارت جان لے کہ ہر پاکستانی شہادت کی موت کو اپنا اعزاز سمجھتا ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ شوق شہادت اور جذبہ جہاد سے سرشار ہے۔ اجلاس سے مفتی محمد اقبال چشتی، مولانا محمد علی چشتی، مفتی محمد حسیب قادری، پیر سید شاہد حسین گردیزی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، پیر معاذ المصطفے قادری، مفتی مقیم خان، علامہ رضائے مصطفے نقشبندی اور دیگر نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 780428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش