0
Sunday 3 Mar 2019 13:43

پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کیلئے برطانیہ اور یورپی یونین کو خط بھجوا دیا گیا

پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کیلئے برطانیہ اور یورپی یونین کو خط بھجوا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پاک بھارت کشیدگی پر برطانوی اور یورپی اراکین پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا۔ گورنر پنجاب نے خط میں اراکین پارلیمنٹ کو بھارتی جارحیت اور انکے جنگی جنون کے بارے میں آگاہ کیا ہے جبکہ اراکین پارلیمنٹ سے امن کے قیام اور بھارت کے جنگی جنون کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن و گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی جانب سے برطانوی پارلیمنٹ اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں کہا کہ یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
 
خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملک کیلئے جنگ شروع کرنا آسان ہوتا ہے لیکن پھر اس جنگ کو ختم کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوتا۔ عراق اور افغانستان جیسی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں کہ وہاں شروع ہونیوالی جنگیں آج بھی ختم نہیں ہو سکیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور افواج پاکستان نے بھارت کو امن کا پیغام دیا ہے اور پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو بھی جذبہ خیر سگالی کے تحت ہی رہا کیا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی پلوامہ حملے کے بعد شروع ہوئی ہے حالانکہ پاکستان نے بھارت سے بار بار کہا ہے کہ اگر بھارت کے پاس پلوامہ واقعے میں پاکستان کے بارے کوئی ثبوت ہیں تو وہ دیں ہم ایکشن لیں گے۔
 
گورنر پنجاب نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بدقسمتی سے بھارت صرف الزام تراشیاں کر رہا ہے، اس کے پاس پاکستان کیخلاف کسی قسم کا کوئی ثبوت ہے اور نہ ہی اس نے پاکستان کو کوئی ثبوت دیا ہے۔ اگر بھارت ثبوت فراہم کرتا تو پاکستان پہلی فرصت میں ہی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرتا مگر مودی سرکار اپنے الیکشن میں جیتنے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ اس لئے خطے کو جنگ کی آگ سے بچانے کیلئے برطانیہ اور یورپی یونین اپنا کردار ادا کرے کیونکہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں اور اس کے نتائج بھیانک نکل سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیساتھ پریس کانفرنس میں گورنر پنجاب نے برطانیہ اور یورپی یونین کو خط بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 781096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش