0
Tuesday 5 Mar 2019 13:45

بھارت کو ایک اور محاذ پر ناکامی، بھارتی آبدوز کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام

بھارت کو ایک اور محاذ پر ناکامی، بھارتی آبدوز کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام
اسلام ٹائمز۔ پاک بحریہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی آبدوز کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا دی۔ بھارت کو فضا کے بعد سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔ پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا ثبوت ہے، اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے، پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے، نومبر 2016ء کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سْراغ لگایا۔ پاک بحریہ نے گزشتہ شام بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور چار مارچ کی شب 8 بج کر 35 منٹ پر اس آبدوز کو نشانے پر لینے کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 781478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش