0
Friday 12 Apr 2019 22:45

جی بی اصلاحات، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت کرینگے، زرداری

جی بی اصلاحات، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت کرینگے، زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت کرینگے، پیپلزپارٹی جی بی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ پی پی نے ہمیشہ جی بی کے حقوق کا تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ جمعہ کے روز سابق صدر سے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، وفد میں سابق وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، محمد موسٰی، محمد علی اختر، جاوید حسین، جمیل احمد اور محمد ایوب شاہ شامل تھے، وفد نے سابق صدر کو بتایا کہ وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ ہونے سے گلگت بلتستان کے عوام بھی مشکلات کا شکار ہیں، وفد نے جی بی کو داخلی خودمختاری دینے اور عوام کو شناخت دینے پر سابق صدر کا شکریہ ادا کیا۔

آصف زرداری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر گلگت بلتستان  کی بھرپور خدمت کریگی۔ ملاقات میں ملکی موجودہ صورتحال اور گلگت بلتستان کے تمام مسائل پر گفت و شنید کی گئی۔ وفد نے وفاقی حکومت کی جانب سے جوڈیشل آرڈر 2019ء کے نفاذ کے بغیر سپریم اپلیٹ کورٹ میں ججوں کی تقرری کے طریقہ کار پہ تحفظات کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے پارٹی کے قانون ماہرین سے مشاورت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی جی بی کے عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرتی رہے گی، کسی بھی پارٹی کی حکومت کی جانب سے جی بی کے عوام کے ساتھ کوئی بھی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 788327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش