0
Friday 14 Jun 2019 23:02

عمران خان اور نریندر مودی نے مصافحہ اور مختصر بات چیت کی، شاہ محمود قریشی

عمران خان اور نریندر مودی نے مصافحہ اور مختصر بات چیت کی، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور نریندر مودی نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور دونوں وزرائے اعظم میں مختصر بات چیت بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم نے بھارتی انتخابات سے متعلق بات چیت کی، جب کہ عمران خان اور نریندر مودی میں مصافحہ سربراہ اجلاس کے دوران ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دنیا میں مختلف تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، لیکن بد قسمتی سے غیر یقینی صورتِ حال میں اضافہ ہو رہا ہے، اس پسِ منظر میں شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ فورم امن و استحکام کی بات کرتا ہے، فورم پر علاقائی روابط کے فروغ کی بات ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرغزستان میں 2600 پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان نے 3 معاہدے بھی کیے ہیں۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بیلا روس کے صدر کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر خوش گوار ماحول میں بات ہوئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ صدر بیلا روس سے زرعی اور جدید مشینری سے متعلق تعاون پر گفتگو ہوئی۔

 
خبر کا کوڈ : 799513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش