0
Saturday 15 Jun 2019 06:21

مظفرآباد، گلشن گلاب فیملی پارک کا سنگ بنیاد، زراعت کمپلیکس کا افتتاح

مظفرآباد، گلشن گلاب فیملی پارک کا سنگ بنیاد، زراعت کمپلیکس کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے آزادکشمیر کے پہلے ”گلشن گلاب فیملی پارک“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا یہ پائلٹ پراجیکٹ ہے جبکہ آزادکشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی ایسے ”روز گارڈن“ بنائے جائیں گے۔ مظفرآباد گلشن گلاب فیملی پارک 8کنال اراضی پر مشتمل ہے جس میں 40 مختلف انواع کے گلاب اگائے جائیں گے۔ افتتاح کے موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) فرحت علی میر، سیکرٹری زراعت راجہ طارق مسعود، ڈائریکٹر جنرل خواجہ خورشید بھی موجود تھے۔ بعدازان وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے نئے تعمیر شدہ ”زراعت کمپلیکس“ کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے عمارت میں قائم محکمہ زراعت کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور محکمہ کی طرف سے رکھی گئی روایتی مشنری، زراعت کے فروغ کے لئے چھپوایا گیا لٹریچر بھی دیکھا اور فصلوں کے بچاؤ کے لئے استعمال کی جانے والی سپرے اور اس کے چھڑکاؤ کے آلات بھی ملاحظہ کئے۔ وزیراعظم کو محکمہ کی طرف سے آزادکشمیر بھر میں پیدا ہونے والی فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی کاشت اور ان کی پیداوار کے متعلق ملٹی میڈیا کے ذریعہ بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے بریفنگ میں گہری دلچسپی لی اور ہر فصل، ہر پھل، ہر سبزی اور پھولوں کے متعلق سوالات پوچھے اور تمام شعبوں میں مزید بہتری لانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔

بریفنگ کے موقع اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے ہدایت دی کہ آزادکشمیر میں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے، فصلوں اور سبزیوں کی مانگ پوری کرنے اور ریاستی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے مقامی سبزیوں، پھلوں اور فصلوں کی کاشت کے مختصر المدتی منصوبے بنائے جائیں جن کے لئے حکومت بھرپور مالی معاونت کرے گی۔ انہوں نے کیش کراپس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی فصلوں سے سال کے اندر اندر کسانوں کو رزلٹ مل جاتا ہے، جس سے ان کی معاشی حالت بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”آف سیزن“سبزیوں اور پھلوں کی کاشت پر فوکس کیا جائے اور مقامی کسانوں کی ہر ممکن معاونت اور رہنمائی کی جائے۔ آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں روز گارڈن اور ایگریکلچرل فارم بنائے جائیں، بنجر علاقوں کو استعمال میں لا کر ان کو قابل کاشت بنایا جائے اور جہاں جہاں واٹر چینلز کی ضرورت ہو وہ مقامی آبادی کو ان چینلز کی تعمیر میں مدد دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا موسم اور زمین پھلوں، سبزیوں اور فصلوں کی کاشت کے لئے انتہائی موزوں ہے یہاں ہم محنت کر کے اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے میں خود کفیل ہو سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے زیتون کی کاشت پر بھی زور دیا اور کہا کہ قلمکاری کا احیا کرتے ہوئے اس کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس سال 22لاکھ پودوں کی قلمکاری کا ہدف رکھا گیا ہے جس میں سے نصف قلمکاری کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبہ کو مزید ترقی دیکر کسانوں کی معاشی حالت کو مستحکم بنانے کے لئے مزید وسائل بھی فراہم کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت 3 سال کے اندر صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی، بنکنگ، سیاحت، لائیوسٹاک کے شعبوں کو ترقی دیکر اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے منشور اور ویژن کے لئے ریاست کی اقتصادی ترقی اہم اہداف میں شامل ہے۔ یہ اہداف حاصل کرنے کے لئے سفر کامیابی سے جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 799541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش