0
Thursday 20 Jun 2019 13:16

پی ٹی آئی نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کیلئے تیاری نہیں کی، رہنما تحریک انصاف

پی ٹی آئی نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کیلئے تیاری نہیں کی، رہنما تحریک انصاف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف ضلع بنوں کے صدر ملک مویز خان نے قبائلی اضلاع کے صوبے میں انضمام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف سی آر کے خاتمے سے قبائلی اضلاع میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوگا کیونکہ ایف سی آر کی وجہ سے پولیٹیکل انتظامیہ کے پاس بہت سے اختیارات تھے۔ بنوں میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات موخر کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے قبائلی اضلاع میں سیٹیں جیتنے کیلئے تیاری نہیں کی ہے، اگر پی ٹی آئی قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرتی ہے اور قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرتی ہے تو قبائلی اضلاع میں کامیابی ممکن ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جن سیاسی جماعتوں نے فاٹا کے ضم ہونے کی حمایت کی تھی ان سب کا تعلق سندھ اور پنجاب سے ہے۔

ملک مویز نے کہا کہ قبائلی اضلاع کیلئے اعلان کردہ 100 ارب روپے میں سے اب تک 10 ارب روپے بھی نہیں ملے ہیں، نہ ہی قبائلی عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو چاہیئے کہ وہ قبائلی اضلاع پر خصوصی توجہ دیں اور اعلان کردہ منصوبے جلد از جلد شروع کریں تاکہ قبائلی عوام میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں الیکشن سے اسمبلیوں میں قبائلی عوام کو نمائندگی ملے گی اور ان کے مسائل جلد حل ہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبے بھی شروع ہوں گے، لیکن موجودہ حالات میں سب زبانی جمع خرچ ہورہا ہے، وزیراعظم عمران خان کو چاہیئے کہ وہ جلد از جلد صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کرکے قبائلی اضلاع میں ترقی کا عمل شروع کریں۔
خبر کا کوڈ : 800569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش