0
Sunday 23 Jun 2019 15:36

خلائی پارٹی گلگت بلتستان میں خلائی منصوبوں کا اعلان کر رہی ہے، شمس میر

خلائی پارٹی گلگت بلتستان میں خلائی منصوبوں کا اعلان کر رہی ہے، شمس میر
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے ملک میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ نہ دینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے, گلگت بلتستان میں یہ خلائی پارٹی خلائی منصوبوں کا ہی اعلان کر رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 300 بیڈ سکردو ہسپتال کی حقیقت یہ ہے کہ یہ منصوبہ لیگی قائد نواز شریف نے دیا تھا، نواز شریف نے جی بی سے اپنی خصوصی وابستگی کی وجہ سے 46 میں سے 6 وفاقی ہسپتالوں کی تعمیر کی منظوری دی تھی جبکہ اس منصوبے کا پی سی فور منظوری کے مرحلے پر تھا، لیکن ملک پر خلائی پارٹی کی حکومت آنے کے بعد ملک کی معیشت کا جہاں سیتاناس ہوا وہاں نواز شریف کے تمام عوامی ترقیاتی منصوبے بیک جنبش قلم ختم کر دیئے گئے۔ شمس میر کا کہنا تھا کہ یہ 6 وفاقی ہسپتال پی ایس ڈی پی سے ڈیلیٹ کر دیئے گئے، نیز دیگر کئی اہم منصوبوں کو بھی فارغ کر دیا گیا، گلگت بلتستان کو صوبوں کی شیئرنگ گرانٹ ( این ایف سی ایوارڈ ) سے باہر کر دیا گیا اور قبائلی اضلاع کو شامل کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے ملنے والے جی بی کے منصوبوں کو جہاں فارغ کر دیا گیا ہے وہاں سی پیک کی ریجنل کمیٹی کی نمائندگی سے بھی الگ کر دیا گیا ہے، سالانہ ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا اور گرانٹ ریلیز فارمولے کو ڈسٹرب کر کے جی بی میں مالیاتی اور ترقیاتی بحران پیدا کرنے کی سازش کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 801074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش