0
Tuesday 9 Jul 2019 22:52

کراچی میں فائرنگ کے دو واقعات میں نیوز اینکر سمیت 4 افراد جاں بحق

کراچی میں فائرنگ کے دو واقعات میں نیوز اینکر سمیت 4 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ایک گھنٹے میں فائرنگ کے دو واقعات میں بول نیوز کے اینکر مرید عباس سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور چند ہی گھنٹوں میں 4 افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا، آئی جی سندھ نے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے۔ پہلا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں پیش آیا، جہاں بول نیوز چینل کے اینکر مرید عباس کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اینکر مرید عباس کو پیسوں کے لین دین کے تنازعے پر قتل کیا گیا، اور واقعے میں عاطف زمان نامی شخص ملوث ہے۔ اینکر مرید عباس نے عاطف زمان نامی شخص سے رقم لینی تھی، اور اس لین دین کے تنازعے میں مبینہ طور پر عاطف زمان نے مرید عباس کو دھمکیاں بھی دیں، آج عاطف نے مرید عباس کو  پیسے دینے کے لئے ڈیفنس بخاری کمرشل میں واقع ایک ہوٹل پر بلایا، اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں اینکر مرید عباس اور خضر نامی شخص جاں بحق ہوگئے، جبکہ مبینہ ملزم عاطف زمان سفید رنگ کی گاڑی پر سوار ہوکر فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان نے گولی مار کر خودکشی کرلی ہے۔

دوسرا واقعہ گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق گیا، جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت نازک اور عزیز کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے بخاری کمرشل میں فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 804132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش