0
Saturday 13 Jul 2019 18:44

سیاسی ایجنڈے کیلئے ہڑتال کرنیوالے تاجروں سے مذاکرات نہیں کرینگے، فردوس عاشق اعوان

سیاسی ایجنڈے کیلئے ہڑتال کرنیوالے تاجروں سے مذاکرات نہیں کرینگے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ جو سیاسی ایجنڈے کے تحت ہڑتال کررہے ہیں ان سے کسی اور طرح بات ہوگی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تاجروں کی مشکلات کو دیکھنا ہے اور حکومت اصلی تاجروں کو اپنا شراکت دار سمجھتی ہے، ان کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک تاجر پیشہ جماعت سیاست میں آئی ہی اسی لیے تھی کہ وہ تجارت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جس جس کو نیب کا بلاوا آتا جارہا ہے اس کی آہ و بکا سنی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا شخص جو وزیر دفاع رہا ہے وہ ایک غیر ملکی کمپنی کا ملازم رہا ہے، کابینہ نے منظوری دی ہے کہ وزارت داخلہ خواجہ آصف سے متعلق حقائق سامنے لائے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جاتی امرا کے چاکروں کی فہرست میں چاکر اعظم بننے کی ریس جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے نے چند ماہ میں ملکی معیشیت کو زہر کے ٹیکے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017ء میں شاہد خاقان عباسی نے نو دورے کیے اور 114 افراد کو ساتھ لے کر گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 2018ء میں سابق وزیراعظم نے دس دورے کیے، 26 دن باہر رہے اور 105 افراد کو باہر لیکر گئے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مجموعی طور پر انہوں نے 19 دورے کیے جبکہ 50 دن باہر رہے اور اربوں روپے ضائع کیے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور افغانستان کے دوروں میں بھی عوام کے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کیے گئے۔ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی دھرتی سے رات کے اندھیرے میں سکھر کی عوام کو  انگریزی میں بتا رہے تھے کہ گھوٹکی کے انتخابات میں دھاندلی ہونے جا رہی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کی سرکاری مشینری کے استعمال کے باوجود اگر عوام آپ سے چھٹکارا چاہتی ہے تو آپ کو بہادری سے مقابلہ کرنا چاہیے، بلاول صاحب جتنی آہو بکا آپ رات کو انگریزی میں کر رہے تھے مجھے خوشی ہوتی کہ آپ سندھ میں سسکتے بچوں کی فلاح و بہبود کا خیال کرتے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی قیادت کا ورکرز کنونشن کے ذریعے ہماری قیادت کو ہدف بنانے کا ایجنڈا لیکر چل رہے ہیں، یہ سب وہ ہیں جن کو نیب کا بلاوا آرہا ہے اور حساب مانگا جارہا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 804896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش