0
Sunday 14 Jul 2019 17:46

پاکستانی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ ہوگا، جنرل راوت

پاکستانی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ ہوگا، جنرل راوت
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ بالاکوٹ اور اوڑی سرجیکل سٹرائیکوں سے فوج اور سیاسی عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کسی بھی جنگجویانہ کارروائی کو بغیر سزا دئے بغیر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ جنرل بپن راوت نے کرگل جنگ کے 20 سال مکمل ہونے سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی شرپسند کارروائی کا سختی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگردانہ کارروائی کا فوج سختی کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ فوجی جنرل کا کہنا تھا کہ فوج کسی بھی جنگجوانہ سرگرمی کو سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر شرپسند کارروائیوں کا ارتکاب کررہا ہے، وہ اپنی کارروائیوں کو ابھی بھی جاری رکھے ہوئے ہے جن میں یا تو درپردہ حمایتیوں کے ذریعے جنگجوئیت کو ہوا دینا ہے یا دراندازی کرکے ملک کی سالمیت و یکجہتی کو نقصان پہنچانا شامل ہے۔

جنرل راوت کا کہنا تھا کہ فوج ملک کی سلامتی اور سالمیت پر کسی بھی صورت آنچ آنے نہیں دے گی اور اس کیلئے دشمن کی ہر کارروائی کا سینہ ٹھوک کر مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں شک کی کوئی گنجائش موجود نہیں کہ اگر پاکستان نے شرانگیز کارروائیاں جاری رکھیں تو ان کا سختی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن مختلف طریقوں سے ہم پر حملہ آور ہونے کی کوشش کررہا ہے جن میں غیر ملکی قوتوں کے ذریعے نشانہ بنانا، جنگجوئیت کو بروئے کار لانا اور دیگر ذرائع شامل ہیں، تاہم فوج جواب دینے کیلئے بالکل تیار ہے۔

بھارت کے فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ سائبر ذرائع نے جنگی ماحول کو ایک نئی جہت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرحد پار بیٹھے عناصر کشمیری نوجوانوں کو سائبر ذرائع سے گمراہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور ان کے ذہنوں میں بے بنیاد اور من گھڑت بیانیہ ٹھونس نے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیر میں سوشل میڈیا کے ذریعے انتہا پسندی کو ہوا دینے کی کوشش کررہا ہے جو کہ ایک تشویش کن معاملہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 804956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش