0
Monday 15 Jul 2019 18:29

پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کی ضرورت ہے، پی ڈی پی

پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کی ضرورت ہے، پی ڈی پی
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کو سیاسی مسئلہ اور اس کیلئے سیاسی حل کی ضرورت دہراتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ بڑے ترقیاتی پیکیجوں سے زمینی سطح پر جموں و کشمیر میں پائیدار امن قائم کرنے میں نہ کبھی کوئی پیشرفت ہوئی ہے اور نہ آئندہ ہوگی۔ جڈی بل سرینگر میں پارٹی کارکنوں کا ایک کنونشن جنرل سیکرٹری غلام نبی لون ہانجورہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ہانجورہ نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے متعدد محاذوں پر کام کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور لوگوں کی شکایات سنی جائے اور ان کا ازالہ ہو، تاہم اب صورتحال مختلف ہے کیونکہ اس وقت جن لوگوں کے پاس حکومت کی باگ ڈور ہے وہ عوام کے مسائل سے لاتعلق ہیں۔

ہانجورہ نے کہا کہ اس وقت کئی محاذوں پر کشمیر کے حالات خراب ہیں اور تشدد سے متاثر اس خطے میں امن کو بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی دہائیوں سے ایک بہترین حل کی وکالت کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات، مفاہمت اور اعتمادسازی کے اقدامات سے تبدیلی لانے میں مدد ملے گی، آہنی ہاتھوں کی پالیسی نے کبھی لوگوں کا بھلا نہیں کیا اور مستقبل میں بھی یہ پالیسی ناکام ہوگی۔

ہانجورہ نے ورکروں اور قیادت کو آپسی تال میل بنائے رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ لوگوں کو درپیش مشکلات کو اُجاگر کیا جائے۔ پی ڈی پی کے ضلع صدر سرینگر نے بھی کنونشن سے اپنے خطاب میں مذاکرات اور مفاہمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ریاست کی مستقبل کی نسلوں کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے آہنی پالیسی جاری رکھی تو اس سے سیاست، ڈپلومیسی اور مذاکرات کیلئے مکانیت مزید سکڑ جائے گی اور نوجوانوں کو تشدد کی طرف دھکیلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 805060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش