0
Saturday 27 Jul 2019 19:59

جماعت اسلامی کی کوئٹہ و شمالی وزیرستان میں پاک فوج پر دہشتگرد حملوں کی مذمت

جماعت اسلامی کی کوئٹہ و شمالی وزیرستان میں پاک فوج پر دہشتگرد حملوں کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں پر حملوں کی سخت مذمت اور میجر سمیت دس جوانوں کی المناک شہادت پر گھرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہونے لگتی ہے، تو دشمن ملک کے ایجنٹ کسی نہ کسی جگہ پر سولین اور سیکورٹی اداروں کے جوانوں کو نشانہ بناکر اپنے مذموم مقاصد کا اظہار اور موجودگی کا اشارہ دیتے ہیں۔ اپنے بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پاک فوج کی بے بہا قربانیوں کے نتیجے میں بلوچستان اور فاٹا میں حالات بدتریج بہتری کی طرف گامزن، فاٹا میں پُرامن صوبائی انتخابات کا انعقاد اور عوام کا سیکورٹی اداروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار دشمن کے ناپاک عزائم پر کاری وار ہے، جس کی وجہ سے آج پاک فوج پر حملہ کرکے ہمارے سپاہیوں کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر پر پاک فوج کے جوانوں کی گشتی پارٹی پر حملہ اور بھاری جانی نقصان افغانستان کی قیادت کا دہشتگردوں کیخلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ بھارتی قونصل خانوں میں را کے ایجنٹ تحریک طالبان اور بلوچ دہشتگردوں کی نرسریوں کو پروان چڑھانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، کلبھوشن یادو جیسا دہشتگرد اس کا واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کشمیر میں ایل او سی پر بھاری توپخانے کے ذریعے آئے روز سولین اور پاک فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تو دوسری جانب بھارتی اور اسرائیلی گٹھ جوڑ کے ذریعے کراچی تا بلوچستان اور شمالی وزیرستان تک دہشتگردی کے ذریعے پاک وطن کو کمزور کرنے کی گھناﺅنی سازشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ پاک فوج اور محب وطن عوام اپنے اتحاد اور یکجتی سے دشمن کی تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملاکر دم لیں گے، دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے اور وطن کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بھلاکر سیکورٹی اداروں کے ساتھ دشمن کو شکست دینے کیلئے ایک ہونے کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں لسانی، فرقہ واریت اور علاقائیت کے نام پر تقسیم کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش میں ہے، جسے ناکام کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے شہید جوانوں کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 807455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش