0
Thursday 15 Aug 2019 21:23

خیبر پختونخوا کابینہ کے ارکان کا مستقبل کارکردگی سے مشروط

خیبر پختونخوا کابینہ کے ارکان کا مستقبل کارکردگی سے مشروط
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کا مستقبل ان کے متعلقہ محکموں کی ایک سالہ کارکردگی سے مشروط ہوگیا ہے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کابینہ کے گذشتہ اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی تھی کہ وہ موجودہ حکومت کے ایک سال کی اپنی کارکردگی رپورٹ 18 اگست تک وزیراعلٰی کو ارسال کریں، مذکورہ رپورٹس کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کو پیش کیا جائے گا جو سرکاری محکموں کی کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر متعلقہ وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھنے یا ہٹانے کا فیصلہ کریں گے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم خود ہر محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور اس سلسلے میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سے مشاورت کے بعد موجودہ وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا، اس ضمن میں 3 آپشنز اپنائے جانے کا امکان ہے، ان رپورٹوں کی بنیاد پر ہی حکومتی ٹیم کے ارکان کو یا تو گرین سگنل دیتے ہوئے اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی جائے گی، یا انہیں تنبہہ کرتے ہوئے کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی جائے گی، یا پھر انہیں ہٹاتے ہوئے نئے چہروں کو کابینہ اور حکومتی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کابینہ میں اسوقت 14 وزرا، 3 مشیر جبکہ 2 معاونین شامل ہیں۔ اس سلسلے میں یہ بھی غور کیا جا رہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں نئے 3 وزراء میں سے 2 قبائلی اضلاع سے منتخب ارکان میں سے شامل کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 810752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش