0
Thursday 22 Aug 2019 12:56

ضلع ہنگو میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز

ضلع ہنگو میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ ملک کے دوسرے شہروں کی طرح خیبر پختوانخوا کے ضلع ہنگو میں بھی پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک شاہ فیصل خان ایم پی اے نے وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی پروفیسر جمیل احمد، پروفیسر فرہاد اللہ، افسران و معززین علاقہ اور بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ علاقہ بگٹو ہنگو میں زرعی یونیورسٹی کیلئے مختص اراضی پر پودے لگائے۔ وائس چانسلر پروفیسر جمیل احمد نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم ماحولیاتی تبدیلی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس میں ہر شہری پر قومی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ جنگلات اُگا کر ان کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت سمیت جنگلات کے شعبے معیشت کے استحکام میں نہایت اہم اور نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ شاہ فیصل خان ایم پی اے نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ہنگو کے قیام کیلئے مختص شدہ 1360 کنال اراضی پر یونیورسٹی کا فوری قیام ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میگا پراجیکٹ کیلئے صوبائی حکومت سے فنڈز کی فوری فراہمی کیلئے مسلسل رابطہ رکھے ہوئے ہیں اور انشاءاللہ بہت جلد اس اہم منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے مل جل کر گرین پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 812019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش