0
Tuesday 3 Sep 2019 19:52

محرم الحرام کیلئے پاراچنار میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بریگیڈیئر اختر علیم

محرم الحرام کیلئے پاراچنار میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بریگیڈیئر اختر علیم
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر اختر علیم نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں 73 بریگیڈ میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عزاداری کی مجالس اور جلوسوں کیلئے پاراچنار سمیت تمام ضلع کرم میں فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جس میں پاک فوج کے افسر و جوان، ضلعی انتظامیہ، ضلعی پولیس اور مقامی رضاکار جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف میں تعینات ہیں جبکہ میڈیکل ٹیمیں، سول ڈیفنس کے رضاکار بھی مقررہ جگہوں پر اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں، 6 محرم الحرام سے پاک افغان سرحد کو مکمل طور پر سیل کر دیا جائیگا جبکہ ہر قسم کی پرائیویٹ ٹریفک پر بھی شہر میں داخلے پر پابندی ہوگی، عزاداروں کو لانے لے جانے کیلئے سرکاری شٹل سروس کا بندوبست کیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر اختر علیم نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کی ہر وقت یہی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان میں عوام بالخصوص عزاداری کے اجتماعات کو نشانہ بنائیں، مگر عوام کے مکمل تعاون سے پاکستان میں امن کے دشمنوں کی ہر مزموم کوشش کو ناکام بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے کیونکہ پاراچنار اور دیہات پاک افغان سرحد پر واقع ہونے کی وجہ سے خطرات زیادہ ہوتے ہیں، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام آخری مراحل میں ہے، جو جلد مکمل کیا جائیگا اور کور کمانڈر کے احکامات پر پاراچنار اور صدہ میں تھری جی اور فور جی سروس کو عنقریب کھول دیا جائے گا، اس موقع پر پاک فوج کے بریگیڈیئر نجف عباس، کمانڈنگ افسر کرنل محمد جاوید، لفٹننٹ کرنل سلطان، کرنل عامر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 814304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش