0
Friday 6 Sep 2019 10:54

مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری عوام کو مودی گردی سے بچایا جائے، راجہ فاروق

مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری عوام کو مودی گردی سے بچایا جائے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری عوام کو مودی گردی سے بچایا جائے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کی ہے۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا ہے جہاں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو جاری ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے اب اسکی موجودگی ایک قابض فوج کی ہے۔ برطانیہ تقسیم ہند کا اہم فریق تھا مسئلہ کشمیر اس کا پیدا کردہ ہے اب برطانیہ آگے بڑھے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار برطانیہ کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی قیادت میں ملنے والے ارکان پارلیمنٹ کے وفد اور برطانیہ کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر ٹام واٹسن سے الگ الگ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر حکومت احمد رضا قادری بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے ناز شاہ کے ہمراہ آنے والے ارکان پارلیمنٹ کو بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں پر بھیانک تشدد کی ویڈیوز کلپس بھی دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو بھیانک تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے جبکہ دوسری جانب کنٹرول لائن پر فائرنگ کر کے نہتے شہریوں اور بچوں کو نشانہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے سفاکانہ حملوں اور بلااشتعال فائرنگ کی وجہ سے سکول بند کرنے پڑ گئے ہیں جن سے بچوں کو تعلیم میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء کا نامکمل ایجینڈا ہے جس کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں اور یہ حق انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر فوجی طاقت کے ذریعے قبضہ کر رکھا ہے اور اسکا قبضہ سراسر جابرانہ اور غاصبانہ ہے۔

راجہ فاروق نے برطانوی ارکان پارلیمینٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ بھارت کو نہتے شہریوں کے خلاف اقدامات سے باز رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم مودی نے پہلے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور اب وہ اسی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہرانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا سامنا سفاک مودی سے ہے جس کا ایجنڈا آر ایس ایس کا تشدد پسند راستہ ہے جو اقلیتوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ برطانوی ارکان پارلیمینٹ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ اس اہم معاملے کو پارلیمینٹ میں اٹھائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 814775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش