0
Sunday 15 Sep 2019 12:07

راجہ فاروق کی زیرصدارت آل پارٹیز کور کمیٹی اجلاس

راجہ فاروق کی زیرصدارت آل پارٹیز کور کمیٹی اجلاس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بدترین لاک ڈائون کو 40 روز گزر گئے ہیں۔ ہندوستانی اقدامات انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں۔ یورپین پارلیمنٹ سمیت دنیا کے معتبر ادارے کشمیریوں کی آواز سن رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانیت سسک رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے یورپین یونین اگر انسانیت کو بچانا چاہتے ہیں تو فوری مداخلت کریں۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے ان خیالات کا اظہار اپنی میزبانی میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، اپوزیشن لیڈر آزادکشمیر چوہدری یاسین، جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود، جمیعت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل امتیاز عباسی، جمیعت اہل حدیث کے دانیال شہاب، عبداللہ گیلانی اور رفیق ڈار سمیت دیگر قائدین شریک تھے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر بھر میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریاست بھر میں بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جس کے انتطامات و دیگر امور کے لیے وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس میں آل پارٹیز کانفرنس کے زیرانتظام ایل او سی مارچ کی تاریخ کا وزیراعظم پاکستان کی اپیل پر ان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب تک اعلان نہیں ہو گا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کو زیر غور لایا گیا ۔کمیٹی میں ممبران نور الباری (جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی)، حسن ابراہیم (جموں وکشمیر پیپلزپارٹی)، سردار صغیر چغتائی(مسلم کانفرنس)، محمد حسین خطیب(آل پارٹیز حریت کانفرنس)، فیصل راٹھور(جنرل سیکرٹری، پیپلزپارٹی AJK) ، سید عتیق الرحمان شاہ(جمیعت اہلحدیث)، امتیاز عباسی (جمیعت علماءاسلام)، سید سبطین کاظمی(شہید بھٹو پارٹی)، ظفر انور (پاکستان تحریک انصاف)، نمائندہ(جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ) اور ذوالفقار علی ملک  سیکرٹری کمیٹی شامل ہیں۔

شرکاء نے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون کی شہادت کی بھی مذمت کی۔ شرکاء نے لائن آف کنٹرول اور پاک افغان بارڈر پر شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو ملک پاکستان اور آزادکشمیر کے دفاع کے لیے عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 816304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش