0
Monday 14 Oct 2019 15:18

علاج کی غرض سے بھارت جانے والے مریضوں کیلئے ترکی کے آپشن پر غور

علاج کی غرض سے بھارت جانے والے مریضوں کیلئے ترکی کے آپشن پر غور
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے باعث پاکستان اور بھارت میں پائی جانے والی کشیدگی میں پاکستانی مریضوں پر ویزا پابندیوں کے باعث قابلِ دسترس علاج کے لئے پاکستان نے ترکی سے امید باندھ لی، جس کے تحت ترک صدر رجب طیب اروان کے دورہ پاکستان کے موقع پر سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ وفاقی وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر پر بتایا کہ ان سمجھوتوں سے ان پاکستانی مریضوں کے لئے ایک راہ کھلے گی جو اس سے قبل علاج کے لئے بھارت جاتے تھے۔ خیال رہے کہ پاکستان سے بڑی تعداد میں لوگ علاج بالخصوص جگر کی پیوندکاری کے لئے بھارت جاتے تھے لیکن 5 اگست کے متنازع اقدام کے بعد بھارت نے پاکستانیوں کو ویزا دینا بند کردیا جبکہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت روک دی تھی۔ تاہم اب پاکستانی مریضوں کے ترکی کو زیرِ غور لایا جارہا ہے جہاں علاج کی غرض سے آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ترکی خود بھی دنیا بھر سے طبی سیاحت کے لئے آنے والوں کو حوصلہ افزائی کررہا ہے۔

محکمہ صحت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر بھارت پاکستانی مریضوں کو ویزے جاری کرنا شروع بھی کردے تو اس کشیدہ ماحول میں ان کے لئے وہاں جانا ممکن نہیں ہوگا، اس لئے ہم ترکی پر غور کررہے ہیں، اس سمجھوتے کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ پاکستانی مریض اسی خرچے پر علاج کروا سکیں گے جس پر ترک شہریوں کو علاج میسر ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم علاج کی لاگت میں پاکستانی شہریوں کے لئے مزید رعایت کی بات بھی کریں گے کیوںکہ انہیں سفری اخراجات بھی اٹھانے ہوں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ وزارت صحت اس معاملے پر اپنے ترک ہم منصبوں سے رابطہ کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم پاکستان عمران خان دورہ ترکی کے لئے گئے تھے تو انہوں نے پاکستان عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا اور وزیراعظم نے بھی اس کا خیر مقدم کیا تھا کیوںکہ صحت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 821944
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش