0
Wednesday 23 Oct 2019 14:38

جعلی حکمرانوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زندگی داؤ پر لگا دی ہے، شاہ محمد شاہ

جعلی حکمرانوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زندگی داؤ پر لگا دی ہے، شاہ محمد شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ جعلی حکمرانوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زندگی داؤ پر لگادی ہے، نواز شریف 21 کروڑ عوام کے ہردلعزیز رہنما ہیں، نیب کی حراست میں ان کو ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے، ان کو ذاتی معالج سے نہیں ملنے دیا گیا، جس کی وجہ سے ان کی حالت بگڑ گئی، نواز شریف کو کچھ ہوا تواس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف شدید علیل ہیں اور ان کی علالت کے حوالے سے وفاقی حکومت اور نیب حکام بخوبی واقف تھے لیکن اس کے باوجود دوران حراست ان کو علاج معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے اور اس نے تمام حدیں عبور کرتے ہوئے غیر انسانی کام شروع کردیئے ہیں، نواز شریف دل کے عارضے سمیت مختلف امراض کا شکار ہیں، اس کے باوجود ان کو ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، شریف فیملی کی جانب سے نیب سے متعدد بار کہا گیا نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے لیکن وفاقی حکومت کی ایماء نیب حکام نے ایسا کرنے سے انکار کردیا، عمران خان کی اسی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث نواز شریف کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسین نواز شریف کی اس بات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا کہ سابق وزیراعظم کو ہوسکتا ہے کہ زیر دیا جارہا ہے، انتقامی عمران خان سے کچھ بعید نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کے حوالے سے ماہر ڈاکٹرز ایک پینل تشکیل دیا جائے، نواز شریف کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، اگر سابق وزیراعظم کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان اور ان کے سہولت کار ہوں گے۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی علالت کے حوالے سے بھی خبریں آرہی ہیں لیکن ان کو طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں، اس طرح کے حالات تو کبھی آمرانہ دور میں بھی دیکھنے میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ حکومت صرف ایک خاندان کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر کاربند ہے، کیپٹن (ر) صفدر اپوزیشن کے آزادی مارچ کے حوالے سے انتہائی متحرک ہیں اور ان کی آواز خاموش کرنے کے لئے ان کو ایک بے بنیاد مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے، عمران خان اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل وہ برداشت کرسکیں، اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ نے ان کی نیندیں حرام کردی ہیں، انہیں نظر آرہا ہے کہ ان کا وقت قریب آگیا ہے، عمران خان یاد رکھیں کہ ملک کو مشکلات بھنور میں پھنسانے کے بعد قوم ان کو لندن فرار نہیں ہونے دے گی اور ان کو اپنے ہر عمل کا جواب دینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 823610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش