0
Saturday 2 Nov 2019 13:10

مقبوضہ کشمیر کے عوام غیر مستحکم حالات میں رہ رہے ہیں، انجیلا مرکل

مقبوضہ کشمیر کے عوام غیر مستحکم حالات میں رہ رہے ہیں، انجیلا مرکل
اسلام ٹائمز۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام غیر مستحکم حالات میں رہ رہے ہیں اور ان میں لازمی بہتری لائی جانی چاہیے۔ خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے نئی دہلی کے دورے کے دوران اپنے ہمراہ موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نریندر مودی سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سابق ریاست سے متعلق بھارت کی پوزیشن سے آگاہ تھیں اب وہ متنازع علاقے میں امن بحال کرنے سے متعلق بھارتی وزیراعظم کے عزائم جاننا چاہتی ہیں۔ انجیلا مرکل نے کہا کہ وہاں موجود افراد کے لیے حالات اس وقت مستحکم نہیں ہیں اور ان میں بہتری لانی چاہیے۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد مقبوضہ وادی میں نئی دہلی کے فیصلے کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے 31 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر کی ریاست کو باضابطہ طور پر دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔ اسی روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک مرتبہ پھر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انتونیو گوتیرس کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا تھا کہ سیکریٹری جنرل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق ہمارے بنیادی خدشات کا اظہار ماضی میں بھی کرچکے ہیں۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو 2 وفاقی اکائیوں میں تقسیم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے بعد پاکستان اور بھارتی رہنماؤں سے ملاقات میں انتونیو گیوتیرس نے دونوں فریقین سے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کی اپیل کی تھی۔
 
خبر کا کوڈ : 825221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش