0
Wednesday 6 Nov 2019 19:48

عالمی میلاد کانفرنس، منہاج القرآن کے وفد کا مینار پاکستان گراونڈ کا دورہ

عالمی میلاد کانفرنس، منہاج القرآن کے وفد کا مینار پاکستان گراونڈ کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے مینار پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد نے 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفد نے عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج، پنڈال، داخلی راستوں، سکیورٹی، پارکنگ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری عالمی میلاد کانفرنس سے بذریعہ ویڈیو لنک براہ راست خطاب کرینگے۔ منہاج القرآن کے وفد میں سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، شہزاد رسول، حاجی اسحق، حافظ وقار، عبدالحفیظ چودھری، اُم حبیبہ، جویریہ وحید، سعید اختر، حاجی منظور حسین و دیگر رہنما شامل تھے۔

وفد نے مینار پاکستان میں 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور انتظامات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جواد حامد نے کہا کہ 36ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر ہوگی، ہمیشہ کی طرح کوئی پھول ٹوٹے گا نہ پتہ گرے گا اور ہر طرح کی صفائی کا خیال رکھا جائے گا۔ کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انتظامات کے لیے 50 سے زائد انتظامی کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ لاکھوں مرد و خواتین، بزرگ و بچے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ جواد حامد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ منہاج القرآن کے جملہ فورمز عالمی میلاد کانفرنس کے میزبان ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، عالمی میلاد کانفرنس کیلئے مینار پاکستان گراؤنڈ میں لائٹنگ سٹیج اور پنڈال کی تیاریوں کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

مرد و خواتین کے لیے ہمیشہ کی طرح الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے، ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونیوالے قافلوں کی راہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ جواد حامد نے کہا کہ حضور ﷺ کے یوم ولادت کا جشن جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے 5 داخلی راستے بنائے جائیں گے۔ تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائینگے۔ سٹیج اور پنڈال میں 5 دیو ہیکل ایل ای ڈیز سکرینیں بھی لگائی جائیں گی۔ مینار پاکستان کی طرف جانیوالے راستوں اور عمارتوں کو برقی قمقموں، خیر مقدمی بینرز سے سجایا جائے گا۔ ہر سال کی طرح مینار پاکستان کے سبزہ زار میں رات 7 بجے سے لے کر 10بجے تک ہر خاص و عام کیلئے ضیافت میلاد کا اہتمام ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 825941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش