0
Sunday 17 Nov 2019 00:12

تاجروں کا مہنگائی کیخلاف احتجاج، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ 

تاجروں کا مہنگائی کیخلاف احتجاج، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ 
اسلام ٹائمز۔ ظالمانہ ٹیکسوں سے پہلے ہی تاجر پریشان ہیں، اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے رہی سہی کسر پوری کردی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے چھوٹی انڈسٹری سمیت گھریلو صنعت کاری بھی شدید متاثر ہوگی۔ پاکستان میں تیاری کی گئی اشیاء غیرملکی اشیاء سے مہنگی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قومی تاجر اتحاد پاکستان کے زیراہتمام بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف احتجاج سے سلطان محمود ملک نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاج میں حاجی محمد سعید، محد عاقل قریشی، انور بھٹی، حاجی عمر، ارشد علی وقار، رب نواز، کاشف رضا، بابو مہتاب، شیخ نعیم، شیخ محمد نعمان، زاہد محمود اکرم انصاری سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے قومی تاجر اتحاد پاکستان کے صدر سلطان محمود ملک نے کہا موجودہ حکومت نے تاجروں اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر بجلی کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کر کے مہنگائی کا بم گرایا، جس کی وجہ سے مقامی انڈسٹری کی پروڈکٹ مہنگی ہونے سے عوام غیرملکی اشیاء خریدنے پر مجبور ہوگی، جس کی وجہ سے ہمارا زرِ مبادلہ پر بھاری بوجھ پڑے گا، جس کے اثرات ملکی معشیت اثر انداز ہوں گے اور ملکی معیشت جو پہلے ہی تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، اس کا دھڑن تختہ ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا اگر ملکی معیشت میں بہتری لانی ہے تو حکومت کو بجلی، گیس، پیٹرول سمیت بھاری ٹیکسوں میں کمی کرنا ہوگی۔ اس ماہ جو بل جاری کئے گئے اس اضافے کو واپس لیا جائے، تاجر برداری بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو کسی صورت بھی قبول نہیں کرے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 827801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش