0
Friday 29 Nov 2019 12:15

جنرل باجوہ اسلامی جمعیت طلبہ میں رہے ہیں، وہ صبر شکر والا انسان ہے، شیخ رشید احمد

حکومت کو اللہ کے بعد فوج کا بڑا سہارا ہے
جنرل باجوہ اسلامی جمعیت طلبہ میں رہے ہیں، وہ صبر شکر والا انسان ہے، شیخ رشید احمد
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت اور توسیع کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے اپوزیشن سے بات ہوگی، بات کرنے والوں کو بات کرنے کا سلیقہ اور طریقہ آتا ہے، اپوزیشن والے خوشی خوشی اس کے حق میں ووٹ دیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ تین سال کے لیے آرمی چیف ڈن ڈن ڈن ہیں۔ وزیر ریلوے نے اعتراف کیا کہ آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر بیوروکریسی اور چھوٹے اسٹاف سے غلطیاں ہوئی ہیں، قمر جاوید باجوہ وہ عظیم جرنیل ہے جس نے کرتارپور راہداری کھولی، افغان بارڈر پر باڑ لگائی، فاٹا کو پاکستان میں شامل کیا، سعودی عرب، چین، دبئی، ایران سے حکومت کے بہتر رابطے کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے میری موجودگی میں کہا کہ میں پوری زندگی میں ایک چیف آف آرمی اسٹاف سے ملا ہوں اور وہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہیں، میں آرمی چیف جنرل باجوہ کا اس لئے بھی مشکور ہوں کہ انہوں نے چینی صدر سے ایم ایل این ون کے لیے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ وژنری جج ہیں، انہوں نے چٹکی بھی لی ہے، سبق بھی سکھایا ہے، لوگوں کی نشاندہی بھی کی، ہماری کلاس بھی لی اور خود کو ٹھیک کرنے کیلئے ہمیں مہلت بھی دی ہے، ججوں کی مدت ملازمت میں بھی تین سال توسیع ہونی چاہئے، پاکستان میں اچھے لوگوں کی قلت ہوگئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ بہت صبر شکر والا انسان ہے، میں انہیں کالج لائف سے دیکھتا آیا ہوں، انہیں اسلامی جمعیت طلبہ کیلئے سیاسی سرگرمیاں کرتے دیکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین تھا کہ چیف جسٹس کھوسہ کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے جمہوریت کے لیے مسائل پیدا ہوجائیں اور آرڈیننس لانا پڑجائے یا کچھ اور کرنا پڑجائے، فوج کا ایجنڈا ایک دن کا نہیں بیس پچیس سال کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خیال میں ایک بہت بڑا مافیا نواز شریف کو باہر لیکر گیا، عمران خان نے کہا تھا کہ جو این آر او دے گا وہ غداری کرے گا، لیکن حالات ایسے بنے کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا پڑی۔

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کی لندن میں شاپنگ اور کھانا کھانے کی تصویریں دیکھ کر عمران خان کو کوفت ہوتی ہے، عمران خان کو لوگوں نے احتساب کے نام پر ووٹ دیئے ہیں، عمران خان نے ان سب کیلئے چور، ڈاکو، لٹیرا، بے ایمان جیسے الفاظ استعمال کیے ہیں، فضل الرحمان کو اسلام آباد لایا گیا اور ریاض راہی سے چیف آف آرمی اسٹاف کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروائی گئی، یہ تمام چیزیں حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی کوششیں ہیں، جس میں کامیابی نہیں ہورہی ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو چیزیں ہورہی تھیں وہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے تھیں، اس حکومت کو اللہ کے بعد فوج کا بڑا سہارا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 829647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش