0
Saturday 7 Dec 2019 12:33

حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے جہاد کا اعلان کرے لاکھوں نوجوان تیار ہیں، قاری زوار بہادر

حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے جہاد کا اعلان کرے لاکھوں نوجوان تیار ہیں، قاری زوار بہادر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے جامعہ محمدیہ رضویہ گلبرگ لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چار ماہ سے زائد جاری کرفیو اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں کشمیری خواتین، بچے اور بوڑھے بدترین مشکلات سے دو چار ہیں، 4 ماہ سے زائد مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے خورونوش کی کمی کی وجہ سے بوڑھے اور بچے موت کے منہ میں جا رہے ہیں، دوسری جانب بھارتی حکومت ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کیساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھے ہوئے ہے، بھارتی جیلوں میں کشمیری جوانوں کی وجہ سے گنجائش سے کئی گناہ زائد افراد بند ہیں جن کے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک جاری ہے ایسے میں اقوام عالم اور اُمت مسلمہ کے حکمرانوں کا خاموش تماشائی بنے رہنا بے حسی اور بے غیرتی کی دلیل ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور حکمرانوں سے کشمیری عوام کی مدد کیلئے مؤثر اقدامات نہ کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم وزیر خارجہ اور دیگر وزراء کو اسلامی ممالک کادورہ کرکے ان کو کشمیری عوام پر ظلم سے بھارت کو روکنے کیلئے تیار کرنا چاہیے تھا مگر تمام وزراء صرف زبانی جمع خرچ کر رہے ہیں اور کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کو روکنے کیلئے کوئی مؤثر اقدام سرانجام دینے میں بری طرح ناکام ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں 124 روز سے مسلسل کرفیو، 9 لاکھ افواج اور آر ایس ایس کے غنڈوں کی موجودگی میں خواتین کی بے حرمتی اور کشمیریوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جہاد کا اعلان کرے تو لاکھوں پاکستانی نوجوان کشمیری بھائیوں کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہے، بھارت نے 72 سالوں سے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور کشمیری عوام دنیا کی تاریخ کے بدترین ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم ان کے جذبہ آزادی کیساتھ ہے اور ان کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 831280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش