0
Sunday 29 Dec 2019 19:41

سندھ کو اس کا جائز حصہ ملنا چاہیئے، عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات ہیں، عمران اسماعیل

سندھ کو اس کا جائز حصہ ملنا چاہیئے، عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات ہیں، عمران اسماعیل
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت دنیا بھر میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہے، کھیلوں میں گھڑ دوڑ صوبہ کا ایک قدیم کھیل ہے اور عوام میں بے حد مقبول ہے، کسی بھی کھیل میں غلطیوں سے انسان سیکھ کر آگے بڑھتا ہے جو کہ باہمت لوگوں کا وژن ہوتا ہے، کھیلوں میں ایک فریق فاتح اور دوسرا فریق ہارتا ہے لیکن ہارنے سے ہمیں ایک سبق ملتا ہے، قائداعظم کپ میں گھڑ دوڑ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر ایک کھلاڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم کپ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں فاتح کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر پیر صاحب پگاڑا اور سید صدر الدین شاہ راشدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی میں صنعتی، کاروباری، سماجی، معاشی، ادبی اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہے جس میں ہم سب کو مزید کردار ادا کرنا ہوگا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ سے بڑی مقدار میں گیس نکلتی ہے، صوبہ کا جو حصہ ہے وہ اسے ملنا چاہیئے، اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان کے سامنے مقدمہ پیش کردیا ہے، صوبائی حکومت ایل این جی خریدنے سے انکاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، اس حکومت سے غلطیاں تو ہوسکتی ہیں لیکن کرپشن نہیں ہوئی ہوگی، جب اداروں میں کرپشن ختم کردی جاتی ہے تو وہ ادارے ترقی کرتے ہیں، جس طرح اگر ایک صنعت میں کرپشن ہو تو پھر اس صنعت کے حالات خراب ہونا شروع ہوجاتے ہیں، پوری کوشش کررہے ہیں کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کی بسوں کا ٹینڈر ابھی نہیں ہوا اس کی منظوری ایکنک سے لینا ہوتی ہے چونکہ میں نے گرین لائن منصوبہ پر میڈیا سے بات کی کہ 6 منصوبے مکمل ہوجائیں گے، اس لئے اس غلط فہمی نے جنم لیا کہ شاید میں نے گرین لائن منصوبہ مکمل کرنے کی تاریخ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر پگاڑا فیملی مجھ سے بہت محبت کرتی ہے میں ان کے درمیان بہت خوشی محسوس کرتا ہوں، ریس کورس گراؤنڈ کی ترقی کے لئے کام کریں گے، اس کے لئے پی سی ون بنوائیں گے، گولڈ کپ زبردست ایونٹ ہے جس میں کھلاڑی بھرپور شرکت کرتے ہیں، کوشش کریں اسے بھی عالمی سطح کا ایونٹ بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 835460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش