0
Friday 3 Jan 2020 23:13

جنرل سلیمانی کی شہادت، امریکا نئی جنگ کی منصوبہ بندی کر چکا ہے، جماعت اسلامی

جنرل سلیمانی کی شہادت، امریکا نئی جنگ کی منصوبہ بندی کر چکا ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے بغداد ایئرپورٹ پر امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی شہادت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنی جنگی جارحیت کے ذریعے خطے کو جنگ کا ایندھن اور تیسری عالمی جنگ کا سبب بننے جا رہا ہے، نام نہاد کیمیائی اسلحے کی پاداش میں عراق پر حملہ اور عراق کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کے باوجود امریکا اپنے مذموم عزائم سے باز نہیں آیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی تیل تنصیبات پر مکمل قبضہ اور اسرائیل کا تحفظ دراصل امریکا کیلئے سب سے زیادہ عزیز ہے، جبکہ عراق، شام، لبنان، یمن، ایران اور سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں جنگ کے الاﺅ بھڑکا کر امریکا اسرائیل کو خطے میں سپرپاور اور اسکے مذموم مقاصد کی آبیاری کرنے میں برابر کا حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اور کھلے عام عراق کی خودمختاری، سلامتی کیخلاف جارحیت کے بعد امریکا خطے میں ایک نئی جنگ کی منصوبہ بندی کر چکا ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ ممکنہ ایرانی ردعمل کے نتیجے میں دنیا تیسری عالمی جنگ کا شکار ہو سکتی ہے، جو ناقابل برداشت اور مسلمان ممالک کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی، اسلئے تمام مسلم ممالک او آئی سی کے ذریعے ممکنہ جنگ کو روکنے کیلئے بھرپور سفارتی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب ایرانی قیادت سے رابطہ کرکے ممکنہ جنگ سے روکنے کیلئے اقدامات اور امریکی جارحانہ کارروائیوں کو روکنے کیلئے مؤثر سفارتکاری کریں، تاکہ مشرق وسطیٰ کے مسلمان جنگ کا ایندھن نہ بن سکیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان فوری طور پر سفارتی محاذ پر فعال کردار ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک میں رابطوں کی بحالی اور ممکنہ جنگ سے بچنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے، تاکہ مسلم امہ مزید کسی سانحے سے بچ سکے۔
خبر کا کوڈ : 836366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش