0
Monday 6 Jan 2020 23:56

امریکہ عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہیگی، سراج الحق

امریکہ عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہیگی، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمران پارٹیاں ایک ہی جتھہ ہے، یہ جتھہ ملک و قوم کے نہیں ہمیشہ اپنے مفادات کے حصول کے لئے سرگرم رہا، آرمی ترمیمی ایکٹ میں پہلے حمایت کا اعلان کرنے والے اب این آر او کے حصول کے لئے تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں، بلوچستان کی محرومیوں کا ذمہ دار وہ حکمران ٹولہ ہے جو عشروں سے اقتدار کے ایوانوں پر مسلط ہے، کرپٹ سرمایہ داروں اور ظالم جاگیرداروں کو جب تک سیاست سے آوٹ نہیں کیا جاتا حالات نہیں بدلیں گے، بلوچستان کے ماضی اور حال کو یرغمال بنانے والے اب صوبے کی آنے والی نسلوں کے مستقبل سے کھیلنا چاہتے ہیں، گیس رائیلٹی کا سب سے زیادہ حقدار بلوچستان ہے مگر صورتحال یہ ہے کہ ابھی تک کوئٹہ کے بھی بے شمار علاقے گیس سے محروم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ اور حب میں کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمٰن، نائب امیر ڈاکٹر عطاالرحمٰن، حافظ محمد اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات عبد الولی خان شاکر بھی موجود تھے۔ مشرقی وسطٰی کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے لیکن یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہے گی۔ یہ جنگ پوری دنیا میں پھیل سکتی ہے، دنیا میں امن قائم رکھنا خاص طور پر اسلامی دنیا کو جنگ کی آگ کے شعلوں سے بچانا ہماری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جنگوں کے پیچھے امریکہ اور مغرب کا وہ شاطر دماغ ہے جو اپنے اسلحے کے کارخانے چلانے کے لئے انسانوں کو لوہے اور بارود کا ایندھن بنانا چاہتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 836935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش