0
Wednesday 8 Jan 2020 21:00

متحدہ علماء محاذ کا عالم اسلام سے امریکا و اسرائیل کیخلاف متحد ہونے کا مطالبہ

متحدہ علماء محاذ کا عالم اسلام سے امریکا و اسرائیل کیخلاف متحد ہونے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام یوم خاتون جنت دختر رسول سیدہ فاطمة الزہراؑ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر بیشتر مساجد و امام بارگاہوں میں سیدہ فاطمة الزہراؑ کی سیرت و کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، جبکہ مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں خاتون جنتؑ سیمینار مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء، مشائخ و ذاکرین اہلبیت نے کہا کہ خاتون جنت سیدہ فاطمة الزہراؑ کی سیرت خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے، مغربی افکار و نظریات کی حامل بے راہ روی کا شکار خواتین کی اصلاح و نجات کیلئے سیدہ فاطمہ زہراؑ کے کردار کو اجاگر کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ خاتون جنت بحیثیت بیٹی، ماں، زوجہ ہر حیثیت سے نمونہ عمل ہیں، مسلم خواتین سیرت فاطمہؑ پر عمل کرکے دنیا میں شرم و حیا، زُہد و تقویٰ کے حوالے سے انقلاب برپا کر سکتی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ آج دشمنان اہلبیتؑ کا مقابلہ جرأت و صبر استقامتِ فاطمہؑ سے ہی کیا جا سکتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ رسول خدا محمد مصطفیٰﷺ نے ایک موقع پر فرمایا کہ فاطمہؑ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے ان سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا، لہٰذا اگر آج خواتین، سیدہ فاطمہؑ اور حیدرکرار علی المرتضیٰؑ کی مثالی جوڑی کے حالات زندگی اور شب و روز کا مطالعہ کرکے اسے نمونہ عمل بنایا جائے، تو آج طلاق و خلع کے بڑھتے ہوئے تناسب اور عدم برداشت اور نہ حل ہونے والی خانگی لڑائیوں سے نجات حاصل ہو سکتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ خاتون جنت سے عقیدت و محبت جز ایمان اور ذریعہ نجات ہے، اہلبیتؑ سے بغض و عناد گمراہی و ضلالت و جہنم کی نشانی ہے، اہلبیتؑ سے عقیدت و محبت کرنے والے بلاامتیاز مسلک شیعہ و سنی استعمار کے خلاف متحد و بیدار ہو جائیں۔ سیمینار میں متفقہ قرارداد میں بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام سے امریکا، اسرائیل و استعماری قوتوں کے خلاف متحد ہونے کا مطالبہ کیا گیا اور برادر اسلامی ملک ایران سے اس غم و دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ بھارتی جارحیت اور پاکستان میں ہونیوالی اندرونی و بیرونی سازشوں کیخلاف افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

سیمینار سے بانی سیکریٹری جنرل و میزبان مولانا محمد امین انصاری، چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، مرکزی نائب صدور خطیب اہل بیت علامہ علی کرار نقوی، خطیب اہل سنت علامہ شاہدین اشرفی، مرکزی رہنما علامہ سید قرة العین عابدی، ذاکر اہل بیت علامہ سید سجاد شبیر رضوی، علامہ حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی، متحدہ ختم نبوت فورم کے سیکریٹری جنرل محمد شکیل قاسمی، مرکزی جمعیت اہلحدیث العالمی کے علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، مفتی وجیہہ الدین، مولانا مفتی محمد شریف، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، مولانا علی المرتضیٰ، مفتی اسدالحق چترالی نے خطاب کیا، جبکہ معروف نعت و منقبت خواں سید معاذ علی نظامی، قاری انوار حمیدی، قاری حافظ ابراہیم چترالی، حسین الدین شاہ رحمانی نے بارگاہ اہلبیتؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 837316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش