0
Sunday 12 Jan 2020 23:48

عراق، امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملہ، 4 عراقی فوجی زخمی

عراق، امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملہ، 4 عراقی فوجی زخمی
اسلام ٹائمز۔ عراقی دارالحکومت میں قائم امریکی فوجی اڈے پر ایک بار پھر راکٹ سے حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار عراقی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے گرین زون میں قائم امریکی سفارت خانے کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد پولیس نے تعین کیا تو معلوم ہوا کہ امریکی بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق عراق میں قائم امریکی فوجی اڈے پر 4 راکٹ داغے گئے، جس کے نتیجے میں اب تک چار عراقی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوجی بیس پر مارٹر گولوں اور راکٹ سے حملہ کیا گیا، جس میں امریکی فوجیوں کے رہائشی علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا، حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں‌ کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق بغداد کے البلد ایئربیس پر آٹھ راکٹ فائر کیے گئے، اس حملے میں 4 عراقی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس ایئربیس پر امریکی فوجی بھی موجود ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق البلد بیس پر فائر کیے گئے راکٹ رن وے پر گرے۔ واقعے میں چار عراقی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ عراق میں موجود یہ ایئربیس بھی امریکی افواج کے زیر استعمال ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 8 جنوری کو ایران نے قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی فضائی اڈوں پر ایک درجن سے زائد میزائلوں سے حملہ کر دیا تھا۔ ایران نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔ ایرانی میزائلوں سے عراق میں امریکی فوج کے زیر استعمال اربیل اور عین الاسد ائیر بیس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے کا نام "آپریشن شہید سلیمانی" رکھا گیا تھا۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے اس فضائی اڈے کو نشانہ بنایا، جہاں سے ہم پر بزدلانہ حملے کیے جاتے تھے۔ ہم جنگ کے خواہاں نہیں، لیکن کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 838099
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش