0
Monday 13 Jan 2020 18:19

سیف سٹی اتھارٹی کے لاہور میں لگے 35 سو کیمرے غیر فعال

سیف سٹی اتھارٹی کے لاہور میں لگے 35 سو کیمرے غیر فعال
اسلام ٹائمز۔ لاہور شہر کے سکیورٹی اللہ کے حوالے، شہر میں نصب سیف سٹی اتھارٹی کے 3500 سے زائد کیمرے غیر فعال ہو گئے ہیں۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق لاہور شہر میں لگائے گئے اربوں روپے مالیت کے 35 سو سے زائد کیمرے کام نہیں کر رہے جبکہ کیمروں کی مرمت و دیکھ بھال کرنیوالی چینی کمپنی ہواوے نے فنڈز نہ ملنے پر سیف سٹی اتھارٹی کیساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کیمرے بند ہونے سے شہر کے حساس مقامات کی سکیورٹی بھی داو پر لگ چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی، مال روڈ، داتا دربار سمیت ملحقہ علاقوں میں کیمرے غیر فعال ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہواوے کمپنی کو نومبر میں 300 ملین کی رقم ادا کرنا تھی۔ اس حوالے سے کمپنی نے اضافی رقم کا مطالبہ کیا تھا جسے سیف سٹی اتھارٹی نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

کمپنی کا موقف تھا کہ اسے موجودہ ریٹ کے مطابق ادائیگی کی جائے جبکہ پنجاب حکومت معاہدے کے مطابق ہی ادائیگیوں پر مُصر تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت چینی کمپنی کے سامنے ہتھیار ڈال دیتی ہے اور ان کے مطالبے کے مطابق ادائیگی کرتی ہے تو حکومت کو موجودہ ریٹ کے مطابق کروڑوں روپے اضافی ادا کرنا پڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق کیمروں کی بندش سے شہر میں ای چالاننگ کا سسٹم بھی متاثر ہونے لگا ہے، اور بروقت کمپنی کو ادائیگی نہ ہوئی تو مزید کیمرے بند ہو جائیں گے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ ادائیگیاں کیلئے بار بار حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے، محکمہ خزانہ کے تاخیری حربوں سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ جبکہ محکمہ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ادائیگیاں کر چکے ہیں، اب سیف سٹی اتھارٹی نے ہی رقم کمپنی کو ادا کرنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 838230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش