0
Monday 27 Jan 2020 17:08

آئندہ 48 گھنٹوں میں عراقی صدر نئے وزیر اعظم کا تعین کر دیں گے، الفتح اتحاد

آئندہ 48 گھنٹوں میں عراقی صدر نئے وزیر اعظم کا تعین کر دیں گے، الفتح اتحاد
اسلام ٹائمز۔ عراقی پارلیمنٹ میں سیاسی اتحاد الفتح کے نمائندے فاضل جابر نے آج (27 جنوری 2020ء) اعلان کیا ہے کہ عراقی صدر برہم صالح آئندہ 48 گھنٹوں میں نئے وزیراعظم کا تعین کر دیں گے۔ عراقی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ میں الفتح کے نمائندے فاضل جابر نے کہا کہ صدر برہم صالح کیطرف سے عادل عبدالمہدی کے بعد نئے عراقی وزیراعظم کیلئے پیش کردہ 3 ناموں میں سے تاحال کسی ایک نام کا انتخاب نہ کیا جانا ایک تشویشناک امر ہے درحالیکہ ملک کو درپیش سیاسی بحران کو جلد از جلد ختم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کو پیش کی گئی فہرست میں علی شکری، محمد توفیق علاوی اور عبدالغنی الاسدی کے نام شامل ہیں جبکہ امید ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران نئے وزیراعظم کا نام پارلیمنٹ کو پیش کر دیا جائے گا۔

پارلیمنٹ میں الفتح سیاسی اتحاد کے نمائندے نے کہا کہ اصلی مسئلہ، اعلی دینی مرجعیت کے حکم کے مطابق، ایک ایسے وزیراعظم کا انتخاب تھا جو خودمختار، غیر متنازعہ اور سیاسی طبقہ بندیوں سے بالاتر ہو جبکہ یہ معیار نہ صرف اعلی دینی مرجعیت کی خواہش ہے بلکہ عراقی عوام کی امنگوں کیساتھ بھی سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معیار پر نئے عراقی وزیر اعظم کے انتخاب سے عراقی عوام جان جائیں گے کہ ملکی سیاسی اتحاد اپنی پارٹیوں کے اور ذاتی مفادات پر عوامی و ملکی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کے استعفی دیدینے کے بعد گزشتہ کچھ عرصے کے دوران یکے بعد دیگرے 6 سے زائد امیدواروں کے نام صدر کو پیش کئے جا چکے ہیں جن میں عراقی وزیر تعلیم، بصرہ کے گورنر اور عراقی انسداد دہشتگردی ایجنسی کے سابق سربراہ کے نام بھی شامل ہیں جو عوامی مخالفت یا دوسری وجوہات کی بناء پر پارلیمنٹ کو پیش نہیں کئے جا سکے جبکہ اس مرتبہ پیش کئے گئے 3 ناموں میں سے ایک نام کے پارلیمنٹ کو پیش کئے جانے کا امکان پہلے سے قدرے زیادہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 841010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش