0
Tuesday 28 Jan 2020 13:14

نیب استحصالی ادارہ بن چکا ہے، چیف جسٹس

نیب استحصالی ادارہ بن چکا ہے، چیف جسٹس
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے ہیں کہ نیب استحصالی ادارہ بن چکا جس مقصد کے لئے ادارہ بنا تھا وہ ختم ہو گیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سندھ کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ نیب کی جانب سے آر او پلانٹس تنصیب میں پیسے کی خرد برد کی رپورٹ جمع کروائی گئی جبکہ واٹر کمیشن نے بھی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لاکھوں روپے کھا لیے گئے لیکن ایک بھی آر او پلانٹ نہیں لگا، سب پیسے کھا گئے ہڑپ کر گئے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے نیب کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب لوگوں پر ہاتھ ڈالتا ہے، نیب کا تفتیشی افسر ریفرنس تیار کرنے میں پانچ سال لگاتا ہے، پھر ایک دن نیب کا افسر خود کہتا ہےکہ ملزم کو جانے دیا جائے، نیب اب استحصالی ادارہ بن چکا ہے، نیب کو جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ ادا نہیں ہو رہا، اسے جس مقصد کے لئے بنایا گیا وہ ختم ہو گیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے نیب نے جو کردار ادا کرنا تھا اس میں رکاوٹ بن گئے ہیں، ایک سال میں مقدمات کا فیصلہ ہونا چاہیے 6، 6 سال گزر جاتے ہیں، 4 گواہان کی جگہ آپ مقدمے میں 200 گواہ بنا لیتے ہیں، آپ 2 سال میں ریفرنس بناتے ہیں اور 10، 10 سال آدمی کو رگڑتے رہتے ہیں، آپ کے تفتیشی افسران میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ تفتیش کو انجام تک پہنچائیں، آپ کے اندر کام کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے، آپ پر تو اربوں روپے کا جرمانہ ہونا چاہیے، یہ جرمانہ آپ کی جیبوں سے جانا چاہیے حکومت ایک روپیہ نہیں دے گی۔
خبر کا کوڈ : 841169
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش