0
Sunday 23 Feb 2020 23:53

افغان امن عمل کسی نتیجے پر پہنچ جائے تو میں معاہدے پر دستخط کردوں گا، ٹرمپ

افغان امن عمل کسی نتیجے پر پہنچ جائے تو میں معاہدے پر دستخط کردوں گا، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کا عندیہ دے دیا۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ایک مرتبہ افغان امن عمل مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ جائے تو میں معاہدے پر دستخط کردوں گا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جی ہاں! میں اس (معاہدے) پر اپنا نام درج کروں گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے پر دستخط سے محض چند گھنٹے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت پر مذاکرات منسوخ کردیے تھے۔ تاہم امریکی صدر کا امن معاہدے پر دستخط سے متعلق تازہ بیان سامنے آنے کے بعد معاہدے کی کامیابی کے امکان بڑھ گئے۔

واضح رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے منصوبے پر اتفاق ہوا تھا جس کے تحت طالبان ایک ہفتے تک اپنی کارروائیوں میں نمایاں کمی لائیں گے۔ اس منصوبے کی کامیابی کے بعد دوحہ میں دونوں فریقین کے مابین 18 ماہ کے لیے افغان امن عمل معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ بعدازاں اس ضمن میں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ افغان فورسز پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے منصوبے کے دوران ملک میں داعش، القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ علاوہ ازیں افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور سابق افغان صدر حامد کرزئی نے بھی پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے ممنصوبے کا خیر مقدم کیا تھا۔ 

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان اور امریکا کے مابین پرتشدد کارروائیوں میں کمی پر اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر طالبان نے سیز فائر کی پاسداری نہیں کی تو افغان سیکیورٹی فورسز ملک کا دفاع کرنے کے لیے جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں جس میں انہوں نے کہا کہ پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے منصوبے پر مکمل عملدرآمد کے بعد 29 فروری کو افغان امن عمل سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ افغان قوم انٹر افغان مذاکرات کے تناظر میں اسے بہت اہم سمجھتی ہے جو مستقل جنگ بندی اور ایک پائیدار تصفیہ کا باعث بنے گا۔ سابق صدر حامد کرزئی نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے پر دستخط کے لیے تاریخ کا اعلان خوشخبری ہے۔
خبر کا کوڈ : 846333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش